وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی موبائل فنانشل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت

منگل 13 مارچ 2018 19:14

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی موبائل فنانشل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے موبائل فنانشل سیکٹر میں 184.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے سٹرٹیجک شراکت داری کے معاہدہ کے حوالہ سے ٹیلی نار گروپ اور آنٹ فنانشل سروسز گروپ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیر مملکت آئی ٹی و ٹیلی کام انوشہ رحمن، پاکستان میں چینی سفیر یائو جنگ، پاکستان میں ناروے کے سفیر تورے نیڈ ریبو اور مذکورہ دونوں اداروں کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایم او یو کے مطابق آنٹ فنانشل سروسز گروپ ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک میں 184.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جو ٹیلی نار گروپ کا ذیلی ادارہ ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالہ سے سازگار حکومتی پالیسیوں کی عکاس ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آنٹ فنانشل کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالہ سے ٹیلی نار کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشتراک کار ڈیجیٹل پیمنٹ سلوشنز کے ذریعے مالیاتی خدمات تک وسیع تک رسائی میں معاون ہو گا۔