پولیس کرپشن ریفرنس ،ایس ایس پی غلام نبی کے وکیل نے دلائل مکمل کرلیے

عدالت نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے وکیل کی عدم حاضری پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی

منگل 13 مارچ 2018 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) سندھ ہائی کورٹ میں محکمہ پولیس کرپشن ریفرنس کے ملزمان کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر ایس ایس پی غلام نبی کے وکیل نے دلائل مکمل کرلیے ۔عدالت نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے وکیل کی عدم حاضری پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کردی ۔منگل کو سندھ ہا ئی کورٹ میں محکمہ پولیس کرپشن ریفرنس کے ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی ۔

سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔غلام حیدر جمالی کے وکیل شہاب سرکی کی عدم حاضری پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے وکلا کو معلوم کو چاہیے کہ عدالت کسی بھی مرحلے پر ضمانت خارج کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

شہاب سرکی کے جونیئر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ اسلام آباد میں مصروف ہیں ۔عدالت پر پورا بھروسہ ہے ناانصافی نہیں ہوگی ۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جس طرح وکیل بلاجواز تاخیر حربے استعمال کرتے ہیں اسی طرح عدالت کو بھی ضمانت خارج کرکے ملزمان کو جیل بھیجنے کا اختیار ہے۔دوران ایس ایس پی غلام نبی کے وکیل محمود عالم نے دلائل مکمل کرلیے۔انہوںنے موقف اختیار کیا کہ سندھ رولز اور پولیس آرڈر 2002 کے تحت ایس ایس پی کو بھرتی کا اختیار حاصل ہے۔ایس آر پی حیدر آباد میں بھرتیاں قانون کے مطابق کی گئیں۔نیب کے مطابق غلام حیدر جمالی اور دیگر نے ایس آر پی حیدر آباد میں 8 سو سے زائد اہلکاروں کی غیر قانونی بھرتیاں کیں۔ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر ہوچکا ہے،۔سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی 2015 سے عبوری ضمانت پر ہیں۔

متعلقہ عنوان :