پاک بحریہ کے سربراہ کی رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف سٹاف سے ملاقات،

باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور، دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو’’ کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس‘‘ تفویض کیا گیا

منگل 13 مارچ 2018 18:35

پاک بحریہ کے سربراہ کی رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف سٹاف سے ملاقات،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ کی دعوت پر سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو چیف آف جنرل اسٹاف رائل سعودی آرمڈ فورسز نے ’’کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ‘‘ تفویض کیا۔اس سلسلے میں سعودی عرب کے شہر ریاض میں ایک پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔

پا ک بحریہ کے سربراہ نے رائل سعودی آرمڈ فورسز کے چیف آف اسٹاف،جنرل فیادد الرویلی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور اور دو نوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جنرل فیادالرویلی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی اور مضبوط دفاعی بنیادوں پر قائم دوستانہ تعلقات کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لئے اُٹھائے گئے مختلف اقدامات میں صفِ اوّل کا کردار ادا کرنے کے سلسلے میں پاکستان کے کردار اور کارکردگی کو سراہا۔ملاقات کے بعد منعقدہ تقریب کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ کو ’’کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ‘‘ تفویض کیا گیا جو رائل سعودی آرمڈ فورسز کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔بعد ازاں، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز،وائس ایڈمرل فہد عبداللہ الغوفیلی سے ملاقات کی۔

ریاض میں واقع رائل سعودی نیول فورسز ہیڈ کوارٹرز آمد پر رائل سعودی نیول فورسز کے سربراہ نے پاک بحریہ کے سربراہ کا استقبال کیا۔رائل سعودی نیول فورسزکے چا ق و چوبند دستے نے نیول چیف کو سلامی پیش کی۔ بعدازا ں چیف آف دی نیول سٹاف نے کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران نیول چیف نے باہمی دلچسپی کے اُمور بشمول دو طرفہ بحری تعاون اور بحرِہند کی سکیورٹی کی صورت حال پر تبادلئہ خیال کیا۔

رائل سعودی نیول فورسزکے سربراہ وائس ایڈمرل فہد عبداللہ الغوفیلی نے پا ک بحریہ کے آفیسرز و سیلرز کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار اور خطے کے استحکام اور میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کے سر گرم اور بھر پورکردارکو سراہا۔آپ نے پاکستان نیوی کی جانب سے رائل سعودی نیول فورسز کو فراہم کی گئی ٹریننگ اور خلیج کے پانیوں میں دونوںبحری افواج کے مابین مشق نسیم البحر کے کامیاب انعقاد کی بھی تعریف کی ۔

دونوں بحری افواج کے سربراہان نے دونوں ممالک کے مابین تربیت ، خیر سگالی دوروں اور دفاعی تعاون کے مختلف شعبہ جات میں مزید مضبوطی کے لئے قوی اُمید کا اظہار کیا۔پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان موجود باہمی تعلقات میں مزید استحکام کا باعث ہو گا۔

متعلقہ عنوان :