امریکہ افغانستان میں داعش کی مدد کر رہا ہے، ایرانی وزیرخارجہ

افغانستان میں داعش اور طالبان میں ایک مقابلہ نظر آتا ہے کہ کون زیادہ تشدد کرتا ہے،جواد ظریف کا انٹرویو

منگل 13 مارچ 2018 18:35

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) ایران نے کہاہے کہ امریکہ خطے میں دہشت گردی بڑھانے اور پڑوسی ملکوں کو دھمکانے کے لیے افغانستان میں داعش کے جنگجووں کی مدد کر رہا ہے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک انٹرویومیں ایران کے وزیرِ خارجہ محمد جواد ظریف نے کہاکہ امریکی ہیلی کاپٹر داعش کے جنگجووں کو افغانستان کے مشرقی ضلعے ھسکہ مینہ (دیہہ بالا) کی جیل سے نامعلوم مقام کی جانب لے جاتے دیکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو ملنے والی انٹیلی جنس معلومات اور عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق داعش کے دہشت گردوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے میدانِ جنگ اور محصور علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ اس بار ھسکہ کی جیل سے جنگجووں کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر بغیر نام و نشان کے نہیں تھے بلکہ امریکی تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فی الحال وہ یہ نہیں جانتے کہ یہ ہیلی کاپٹر جنگجووں کو کہاں لے کر گئے لیکن ان کے بقول اس منتقلی کے نتائج سب جانتے ہیں کہ افغانستان اور پاکستان میں پرتشدد واقعات میں اضافہ ہوا اور ان واقعات میں فرقہ واریت کا رنگ بھی نمایاں رہا۔

جواد ظریف نے کہا کہ افغانستان میں داعش اور طالبان میں ایک مقابلہ نظر آتا ہے کہ کون زیادہ تشدد کرتا ہے۔