بھارت اور کٹھ پتلی حکومت مقبوضہ کشمیرمیں قتل عام میں ملوث ہے بھارت کے پاس مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کئے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے، حریت رہنمائوں کے بیانات

ہاکورہ میں ہونیوالی شہادتوں پر متعد د علاقوں میں مکمل ہڑتال جاری ، دکانیں، تجارتی مراکز ، سکول بند رہے

منگل 13 مارچ 2018 18:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت رہنمائوں سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے ضلع اسلام آباد کے علاقے ہاکورہ میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ وادی کشمیرمیں جاری کشمیریوں کے قتل عام کی ذمہ دار ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کے پاس مسئلہ کشمیر کو اسکے تاریخی پس منظر میں حل کئے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے ۔ میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مذید تاخیر خطے میں مذید ہلاکتوں اور تباہی کا باعث بنے گی ۔

(جاری ہے)

محمد یاسین ملک نے کہاکہ بھارتی حکمرانوںنے وردی میں ملبوس ہزاروں دہشت گردوں کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

حریت رہنمائوں مولانا عباس انصاری، آغاسید حسن الموسوی الصفوی ، آسیہ اندرابی ، فریدہ بہن جی ،بلال صدیقی، جموں وکشمیر پیپلز پولیٹیکل پارٹی اور نیشنل فرنٹ نے اپنے الگ الگ بیانات میں عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کانوٹس لے ۔ ادھرفردوس احمد شاہ ، تحریک حریت ،جموںوکشمیر مسلم لیگ اور ینگ مینزلیگ کے وفود شہید عیسیٰ فاضلی کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے سرینگر کے علاقے صورہ گئے۔

دریں اثناء اسلام آباد، سرینگر اوربڈگام میں آج مسلسل دوسرے دن بھی ہاکورہ میںہونیوالی شہادتوں پر مکمل ہڑتال کی گئی۔تمام دکانیں، تجارتی مراکز اور سکول بند رہے جبکہ اور سڑکوںپر پبلک ٹرانسپورٹ معطل رہی ۔سرینگرکے علاقوں سبزی منڈی اور احمد نگر سمیت متعدد علاقوں میں مظاہرین اور فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ ڈگری کالج گاندربل کے طلباء نے کالج کے باہر جمع ہو کر بھارت مخالف مظاہرہ کیا۔

کشمیر کے نائب مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کر ر ہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ1990کے بعدبھارتی فوج باقاعدہ ایک مہم کے تحت کشمیری مسلمانوںکے حقوق کی پامالی کی مرتکب ہو رہی ہے ۔ ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا ہے ۔ عاشق حسین چوپان نامی شہری ضلع کے علاقے Jawbaraمیںاپنے مویشیوں کو چرا رہا تھا جب اس کا پیر بھارتی فوجیوں کی طرف سے نصب کی گئی بارودی سرنگ پر آگیا۔