ْحکومت صحت کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کیلئے خلوص دل سے غور کر رہی ہے ، سردار مسعود خان

ہماری ترجیح ہے آزادکشمیر کے دور دراز کے علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، صدر آزاد کشمیر کا تقریب سے خطاب

منگل 13 مارچ 2018 18:09

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر صحت عامہ کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے خلوص دل سے غور کر رہی ہے اور ہماری ترجیح ہے کہ آزادکشمیر کے دور دراز کے علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔طب کا شعبہ پیغمبروں کا پیشہ ہے جو اعلیٰ ذمہ داری کے مظاہرے کا متقاضی ہے کیونکہ ڈاکٹر عوام الناس کیلئے مسیحا ہوتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں و کشمیر جو پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے چانسلر بھی ہیں ،نے آج یہاں آزادجموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد کے پہلے کانووکیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صدر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادجموں و کشمیرمیڈیکل کالج مظفرآباد سال 2011ء میں قائم ہوا لیکن اس مختصر عرصہ میں میڈیکل کالج مظفرآباد نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے اس موقع پر کالج سے کامیاب ہونے والے گریجویٹس ڈاکٹرز اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شعبہ طب پیغمبروں کا پیشہ ہے جو اعلیٰ ذمہ داری کامظاہرہ مانگ رہا ہے۔انہوں نے کامیابی حاصل کرنے والے گریجویٹ ڈاکٹرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق آپ کی سوچ اور فطرت کا حصہ ہونا چاہیے۔آپ لوگ عوام الناس کے لئے مسیحا ہیں ۔

آپ معاشرہ کی خدمت اور خاص طور پر غریب اور مفلس لوگوں کی خدمت میں پہل کریں، ہمیشہ تحقیق اور اعلیٰ کارگردگی کے لئے کوشاں رہیں۔انہوں نے فارغ التحصیل ڈاکٹر ز سے کہا کہ جدید دور کے طبی فنون میں مہارت حاصل کریں تاکہ کشمیر کا نام روشن ہو۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر صحت کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے خلوص دل سے کام کر رہی ہے اور آزادکشمیر کے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے حکومت پوری توجہ کے ساتھ کوشاں ہے۔

صدر ریاست نے کہا کہ انشاء اللہ ہم آزادکشمیر کے تما م بیسک ہیلتھ یونٹس (BHUs)تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں جدید انفراسٹرکچر اور طبی سہولیات فراہم کریںگے۔صدر مسعود خان نے کہا کہ آزادکشمیر کے میڈیکل کالجوں نے ملک میںنمایاںمقام حاصل کیا ہے۔انہوں نے پونچھ میڈیکل کالج کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکے سالانہ امتحان 2017ء میں پاکستان بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔

صدر مسعود خان نے کامیاب گریجویٹس ڈاکٹرزسے اپنی طبی ذمہ داریاں پوری کرنے کے حوالے سے حلف لیا اور کہا کہ اب وہ عالمی شہری ہیں اور عالمی شہری ہونے کی حثیت سے اپنے مظلوم کشمیری بہن، بھائیوں کو نہ بھولیں اورجدید ذرائع ابلاغ کے استعمال سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔بعد ازاں صدر ریاست نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈلز اور اعزازی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے ۔

کانووکیشن میں ممبر قانون ساز اسمبلی مصطفیٰ بشیر عباسی ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر اعجاز منیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر،وائس چانسلریونیورسٹی آف آزادجموں و کشمیر پروفیسر ڈاکٹر کلیم عباسی ، پرنسپل آزادجموں و کشمیر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سروش مجید سلہریا،سیکرٹریز حکومت ، فیکلٹی ممبران،طلبہ وطالبات اور والدین نے بھی شرکت کی ۔