انگلش کرکٹرز کا پاکستان میں پی ایس ایل میچز کھیلنے سے انکار

منگل 13 مارچ 2018 17:48

انگلش کرکٹرز کا پاکستان میں پی ایس ایل میچز کھیلنے سے انکار
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مارچ2018ء) ) انگلش کرکٹرز نے ’’رنگ میں بھنگ ‘‘ڈالتے ہوئے پاکستان میں پی ایس ایل میچز کھیلنے سے صاف انکار کردیا، این مورگن اور ایلکس ہیلزنے ٹیموں کو جوائن کرنے سے قبل ہی پیغام دیدیا تھا، جیسن روئے اور سیم بلنگز بھی ناک آئوٹ رائونڈ میں اپنی ٹیموں کے ساتھ پاکستان آنے سے انکار کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطابق محدود اوورز کے انگلش کپتان این مورگن اور جیسن روئے اپنی پی ایس ایل ٹیموں کو دبئی میں جوائن کر چکے، اوپنرایلکس ہیلز بھی نیوزی لینڈ سے یو اے ای روانہ ہوچکے ہیں، این مورگن اور ہیلز نے پہلے ہی اپنی اپنی فرنچائزز کی مینجمنٹ پر واضح کردیا ہے کہ اگر ان کی ٹیمیں ناک آئوٹ رائونڈ میں پہنچیں تب بھی تو وہ پاکستان میں میچز کھیلنے کے لیے نہیں جائیں گے۔

مورگن کراچی کنگز اور روئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہیں جبکہ ایلکس ہیلز کی خدمات اسلام آباد یونائیٹڈ نے حاصل کی تھیں۔ اس سے قبل این مورگن 2016 ء میں سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دورہ بنگلہ دیش سے بھی دستبردار ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں بھی کیون پیٹرسن سمیت غیرملکی کرکٹرز کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کا نتیجہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پشاورزلمی کے ہاتھوں شکست کی صورت میں برداشت کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ عنوان :