چین کے شہر لانزو کے تجارتی وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

پاکستان کی تاجر برادری کے ساتھ کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار

منگل 13 مارچ 2018 17:23

چین کے شہر لانزو کے تجارتی وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) چین کے شہر لانزو کے ایک تجارتی وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد میں، اسکلیٹرز، الیویٹرزو لفٹیں تیار کرنے والی اور بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں سمیت دیگر کمپنیوں کے نمائندگان شامل تھے۔

اس موقع پر چینی وفد کے سربراہ سویسیان پے نے کہا کہ سی پیک نے چین اور پاکستان کو طویل المدت پارٹرشپ کی راہ پر ڈال دیا ہے اور وہ پاکستان کی تاجر برادری کے ساتھ باہمی فائدہ مند کاروباری شراکتیں قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ چین کی کمپنی ایسٹرن الیویٹرز بلند عمارتوں ، ایئرپورٹس اور بڑے شاپنگ مالز میں استعمال ہونے والے ہیوی ڈیوٹی اسکلیٹرز، الیویٹرز اور لفٹیں تیار کرتی ہے جو اپنے اعلیٰ معیار اور بہتر سروس کی وجہ سے مشہور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفد میں بیٹری سے چلنے والی گاڑیاں بنانے والی کمپنی کے نمائندگان بھی موجود ہیں جو پاکستان میں اس گاڑی کو متعارف کرانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی کی بیٹری چھ سے آٹھ گھنٹے میں فل چارج ہو جاتی ہے جو 150کلومیٹر تک چلتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی کو دوبارہ چارج کرنے کیلئے ریچارجنگ سٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دورہ کرنے کا مقصد ان شعبوں میں کاروباری شراکتیں قائم کرنے کیلئے مقامی پارٹنرز کو تلاش کرنا ہے ۔

چین کے تجارتی وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہو چکے ہیں لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ چین کے سرمایہ کار پاکستان میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے دلچسپی کے شعبوں میں جوائنٹ وینچرز پر توجہ دیں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان میں بہت سے نئے تعمیراتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں ہیوی ڈیوٹی اسکلیٹرز، الیویٹرز اور لفٹوں کی مانگ موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کے سرمایہ کاری پاکستان میں ہی یہ مصنوعات تیار کی صنعت لگانے کی کوشش کریں جس سے وہ پاکستان کی ضرورت پوری کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کے ممالک کو اپنی مصنوعات برآمد کرنے کے قابل ہوں گے۔

محمد نوید نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایک سی پیک فیسیلی ٹیشن سنٹر قائم کرے گا جس میں چیمبر کے ممبران کو چینی زبان بھی سکھائی جائے گی تا کہ وہ چین کے نجی شعبہ کے ساتھ بات چیت کرنے اور کاروباری معاملات طے کرنے میں سہولت محسوس کریں۔ چیمبر کے نائب صدر نثار مرزا نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا دورہ کرنے پر چینی وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کی نجی شعبوں کے درمیان کاروباری شراکتیں قائم کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :