المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام ہتنگومیں دوروزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

منگل 13 مارچ 2018 16:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء)المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام پاکستان سندھ رینجرز،انڈس ہسپتال اور ایم ٹرنک والاکے تعاون سے تھرکے علاقے کے انتہائی غریب علاقے ہتنگومیں دوروزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقادکیاگیا ۔اس موقع پرپاکستان سندھ رینجرزکے ڈی ایس آرعنایت دُرانی،ڈاکٹرعبدالرحمان،ڈاکٹرثروت،ڈاکٹرارم، عبدالرزاق ٹرنک والا اورعمران الحق موجودتھے۔

کیمپ سے 900سے زائد مریضوں نے استفادہ کیا اورفری ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ نیز کیمپ میں موجودمریضوں کے لئے کھانے،پینے کابھی انتظام کیاگیاتھا۔کیمپ کے انعقادپرچیئرمین المصطفیٰ ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب،صدرالمصطفیٰ ڈاکٹرعبد الرحیم اورجنرل سیکریٹری عبدالغنی سلیمان نے تعاون کرنے پرسندھ رینجرز، این جی اوز،مخیرحضرات،ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف وکارکنان کاشکریہ اداکیا۔

(جاری ہے)

انکاکہناتھاتھر میں انسانیت سسک رہی ہے ،بچے علاج معالجے کی سہولت نہ ہونے اورغذائی قلت کے سبب بڑی تعدادمیں جاں بحق ہوچکے ہیں،تھری عوام غربت اور عسرت کے مارے اپنے بھائیوں کی طرف دیکھ رہے ایسے وقت میں بھلائی اور نیکی کے پیغام کوعام کرنے اور غریبوں ،لاعلاج مریضوں ،مفلسوں ،غذاسے محروم بچوں کی مددکے لئے مخیر حضرات کوآگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔