آصف علی زرداری سیاست کے سب سے بڑے کھلاڑی ہیں، حاجی امین لاکھو

منگل 13 مارچ 2018 16:34

ٹنڈو محمد خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی نے ثابت کر دیا کہ آصف علی زرداری سیاست کے سب سے بڑے کھلاڑی ہیں، نواز شریف نے میثاق جمہوریت میں جو پیپلز پارٹی کو دھوکا دیا، آج نواز شریف کو سینیٹ انتخابات میں منہ کی کھانی پڑی ہے، مولانا فضل الرحمان نے درست امیدواروں کو ووٹ دیا، آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی وفاقی حکومت بنائے گی، اور بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہونگے، پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے حاجی امین لاکھو کی میڈیا نمائندگان سے بات چیت۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے و سابق ضلعی صدر حاجی محمد امین لاکھو نے ،لاکھو ہائوس پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ آصف علی زرداری سب سے بڑے کھلاڑی ہے، نواز شریف نے میثاق جمہوریت میں پیپلزپارٹی کو دھوکا دیا، جدہ فرار ہونے والے نواز شریف کو محترمہ بینظیر بھٹو ملک میں واپس لے کر آئیں اور سیاسی میدان میں اتارا، لیکن نواز شریف نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو دھوکا دیا، نواز شریف تیسری بار وزیراعظم بھی پیپلزپارٹی کی قربانیوں کے باعث بنے، اور آصف علی زرداری نے نواز شریف کو جمہوریت کی مضبوطی کے لئے مضبوط کیا اور نواز شریف تیسری بار ملک کے وزیراعظم بنے ، سینیٹ انتخابات میں ناکامی کے بعد نواز شریف کو چاہئے کہ وہ گڑھی خدابخش میں جا کر محترمہ بینظیر بھٹو کی قبر سے معافی مانگے، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سینیٹ انتخابات میں نمک ہلالی کرتے ہوئے درست امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرانے میں اپنا کردار ادا کیا، سینیٹ انتخابات کے بعد واضع ہو گیا، کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی پورے ملک سے کامیاب ہوگی، اور وفاقی حکومت سمیت چاروں صوبوں میں اپنے وزیراعلیٰ لانے میں کامیاب ہوجائے گی، ملک کے آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہونگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارشاد علی میمن، ڈاکٹر میر حسن ملاح، عبدالحکیم دستی، شکور ترک، غلام رسول لاکھو و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :