گورنر سندھ محمد زبیر سے کینیڈا پولیس کے افسران کی ملاقات

امن و امان کے قیام ، شہر سے اسٹریٹ کرائمز کے خاتمہ کے لئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

منگل 13 مارچ 2018 16:34

گورنر سندھ محمد زبیر سے کینیڈا پولیس کے افسران کی ملاقات
"کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاک کینیڈا تعلقات دو طرفہ مفادات ،مشترکہ جدوجہد ،احترام اور مستقبل کی ضروریات کے تحت قائم ہیں ،پاک کینیڈا دوطرفہ اقتصادی تعاون ، سرمایہ کاری ، تجارت اور کاروباری روابط وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں اس ضمن میں کینیڈا پولیس کے افسران کی پاکستان آمد ، سرمایہ کاروں ، تاجروں ، کاروباری برادری اور حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں امن و امان کے تسلسل کے لئے دی جانے والی تجاویز دو طرفہ تعلقات کی اعلیٰ مثال اور اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کینیڈا پر امن ، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کا خواہش مند ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں کینیڈا کے یارک ریجن(York Region) کے پولیس چیف Mr.Eric Jolliffe سے ملاقات میں کیا اس موقع پر کینیڈین پولیس افسر Mr.Paul Chiag اور کینیڈا پاکستان بزنس کونسل کے صدر سمیر ڈوسل بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، علاقائی صورتحال ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کردار ،امن و امان کے قیام ، شہر سے اسٹریٹ کرائمز کے خاتمہ کے لئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، ملک بھر سے شہری روزگار کے سلسلہ میں اس شہر میں آباد ہیں اس لئے اسے منی پاکستان بھی کہا جاتا ہے ،شہر میں کسی بھی مثبت یا منفی سرگرمی کا اثرا پورے ملک پر پڑتا ہے جو اس شہر کی اہمیت و افادیت کو واضح کرتا ہے ،2013 ء میں پورے ملک کے مقابلہ میں شہر کے حالات انتہائی خراب تھے غیر ملکی یہاں آنے سے ہچکچاتے تھے جس کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری جمود کا شکار رہی ، کاروباری سرگرمیاں ماند پڑچکی تھی ، شہر کے مکین خود کو غیر محفوظ سمجھتے تھے ، موجودہ حکومت نے شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر جمع کیا اور بلا تفریق و دبائو آپریشن کا آغاز کیا یہ انتہائی مشکل فیصلہ تھا لیکن اللہ تعالیٰ نے حکومت کو اس میں کامیابی عطا کی ، آج شہر کے حالات سب کے سامنے ہیں ،امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری تسلسل سے جاری اور معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، کاروباری، ثقافتی، ادبی اور سماجی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے،شہر میں عالمی معیار کے کھیلوں ، فیسٹول ، کانفرنسز اور نمائشوں میں غیر ملکی وفود بڑی تعداد میں شرکت کررہے ہیں ،بعض اوقات شہر کے ہوٹلوں میں کمرے کم پڑ جاتے ہیں ، 25 مارچ کو ہونے والے پاکستان سپر لیک کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل بھی کراچی میں ہوگا اس ضمن میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، 29 مارچ کو انٹرنیشنل فلم فیسٹول منعقد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کے باعث 2016 ء اور 2017 ء میں کوئی ہڑتال یا شٹ ڈائون نہیں ہوا جبکہ ماضی میں ہڑتال یا شٹ ڈائون معمول ہوا کرتے تھے ، کراچی ایک بین الاقوامی شہر ہے جہاں دیگر عالمی شہروں کی نسبت امن و امان بہت بہتر ہے ، گھنائونے جرائم کے مکمل خاتمہ میں آج کراچی صف اول کے شہروں میں شمار ہونے لگا ہے، سرمایہ کاری اور مثالی امن کے قیام کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک کردار ادا کررہے ہیں ،شہر میں امن و امان کے قیام کے ضمن میں حکومت نے پہلا مرحلہ میں شہر سے ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان ، بھتہ وصولی اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا اب دوسرے مرحلہ میں شہر سے اسٹریٹ کرائمز کے خاتمہ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے باعث کراچی شہر ایک بار پھر ماضی کی طرح روشنیوں کا شہر بنتا جارہا ہے ، رات گئے تک شہر میں تجارتی ، صنعتی ، کاروباری ، ثقافتی ، ادبی ، سماجی اور کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں ، آج شہر کے مکین خود کو محفوظ سمجھتے ہیں اور آزادانہ ماحول میں اپنے روز مرہ کے معمولات کی انجام دہی میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اصل حقائق کو اجاگر کرنے کے لئے عالمی سطح کے پروگرامز اہم ثابت ہورہے ہیںاس ضمن میں دنیا بھر میں منعقد ہونے والے روڈ شوز میں شرکت کرکے غیر ملکی سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں ، تاجروں اور کاروباری افراد کو شہر کے اصل حقائق سے آگاہ بھی کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اپنی استعداد کے لحاظ سے دنیا بھر میں ممتاز مقام رکھتا ہے ، شہر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تجربہ کار اور محنتی افرادی قوت سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پرکشش اہمیت کی حامل ہے ، شہر میں کام کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنیاں مزید سرمایہ کاری کے لئے بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں ، شہر کے مختلف شعبے ایسے ہیں جہاں سرمایہ کاری کے فوری نتائج یقینی ہیں جبکہ سرمایہ کاروں کو حکومت ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت بھی فراہم کررہی ہے ۔

ملاقات میں کینیڈا کے یارک ریجن(York Region) کے پولیس چیف Mr.Eric Jolliffeنے گورنر سندھ کو بتایا کہ ان کا یہ پہلا دورہ ہے کراچی کے لو گ بہت ملنسار اور محبت کرنے والے ہیں ، میری شہر کے صنعت کاروں ، تاجروں اور حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں ہوئی ہیں ، شہر کی استعداد واقعی سرمایہ کاروں کے لئے انتہائی پرکشش ہے ، شہر میں گھومنے پھرنے سے احساس ہوا کہ دنیا کے دیگر پر امن شہروں کی طرح ایک شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے حالات کو سمجھنے کے لئے سی پی ایل سی کا دورہ کیا جہاں کرائمز کے اعداد وشمار دیکھے جس میں نمایاں کمی واضح ہے،مجھے پاکستان با الخصوص کراچی کا مستقبل تابناک نظر آرہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :