سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا نئی انتخابی حلقہ بندیوں کے حوالے سے ارکان کے خدشات کا نوٹس ،ْکمیٹی بنانے کا فیصلہ

کمیٹی نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے ارکان کے خدشات دور کرنے کے لئے الیکشن کمیشن سے بات کرے گی

منگل 13 مارچ 2018 15:45

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا نئی انتخابی حلقہ بندیوں کے حوالے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نئی انتخابی حلقہ بندیوں کے حوالے سے ارکان کے خدشات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام پارلیمانی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے ارکان کے خدشات دور کرنے کے لئے الیکشن کمیشن سے بات کرے گی۔

(جاری ہے)

منگل کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر دانیال عزیز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئین سے تجاوز کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر ایوان کی کمیٹی بنانے کی تجویز دی جس پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکام کے ساتھ ملاقات کے لئے تمام پارٹیوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے خدشات دور کئے جاسکیں۔ یہ عمل آئینی طریقہ کار کے تحت آگے بڑھنا چاہیے۔