سیمنز کا پنجاب تھرمل پاور کے ساتھ طویل المدتی خدمات کی فراہمی کے معاہدے کا اعلان

معاہدے کے تحت آئندہ 12 سال تک پنجاب پاور پلانٹ جھنگ کی مرمت، پرزوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی

منگل 13 مارچ 2018 15:36

سیمنز کا پنجاب تھرمل پاور کے ساتھ طویل المدتی خدمات کی فراہمی کے معاہدے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) سیمنز نے پنجاب تھرمل پاور (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ طویل المدتی خدمات کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کرنے کا اعلان کیا ہے،معاہدے کے تحت آئندہ 12 سال کے لیے پنجاب پاور پلانٹ جھنگ کی مرمت، پرزوں اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ معاہدے میں توانائی کے لیے کمپنی کی ڈیجیٹل خدمات اور اعداد و شمار جمع کرنے کا نظام ’’سیمنز پاور ڈائیگناسٹکس‘‘ شامل ہے۔

ضلع جھنگ میں واقع حویلی بہادر شاہ، پنجاب پاور پلانٹ سے توقع ہے کہ قومی گرڈ میں 1.3 گیگا واٹ بجلی شامل ہوگی جس سے گیس سے چلنے والایہ بڑا اور کمبائنڈ سائیکل کا منصوبہ بن جائے گا اور اس کے ذریعے ملک میں سیمنزSGT5-8000H گیس ٹربائنوں کی پہلی بار تنصیب ہوگی جس سے ان کی بجلی کی زیادہ پیداوار اور سستی بجلی کے حصول میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

معاہدے کے نتیجے میں بجلی گھر کی دستیابی اور لاگت کے اخراجات میں کمی آئے گی،اس میں دونوں گیس ٹربائنوں، جنریٹرز اور متعلقہ ساز و سامان کی مرمت و سروس اور پرزہ جات کی فراہمی سمیت دیگر خدمات شامل ہیں۔

سیمنز کا پاور ڈائیگناسٹکس آپریشنل چیلنجوں کی پیشگی نشاندہی کے ذریعے بجلی گھروں کی پیداوار بڑھانے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے جدید اعداد و شمار کا نظام استعمال کرتا ہے جس سے بجلی گھروں کی ٹیم لوڈ شیڈنگ کے مسئلے سے موئثر انداز میں نمٹ سکتی ہے۔ یہ معاہدہ پاکستان کے بجلی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے سیمنز کی کاوشوں کا مظہر ہے۔

متعلقہ عنوان :