بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر پر آزاد کشمیر میں جیالوں کا یوم تشکر ‘ مٹھائیاں تقسیم

منگل 13 مارچ 2018 15:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) سینٹ آف پاکستان میں اپوزیشن اتحاد کے میر صادق سنجرانی چیئرمین ، پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونے کی مثالی کامیابی پر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی صدر چوہدری لطیف اکبر کی ہدایت پر آزاد کشمیر بھر میں جیالوں کا یوم تشکر ‘ مٹھائیاں تقسیم کرکے ایک دوسرے کو مبارکبادیںپیش کیں اوردربار عالیہ سائیں سخی سہیلی سرکار پر حاضری دیکر چادر چڑھائی اور ملک اور قوم کی ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کی دعا کی‘ دعائیہ تقریب میں سابق وزیر اطلاعات سید بازل نقوی ، سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے پارٹی ، پی ایس ایف ،پیپلز یوتھ کے عہدیداروں کے ہمراہ شرکت کی جبکہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی اور جواں سال چیئرمین دنیا کا کم عمر ترین پاکستانی وزیراعظم منتخب کروانے کا عزم ‘نومنتخب چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کی کامیابی مضبوط وفاق اور قومی جمہوری سوچ کی فتح قرار دیدیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز مرکزی پیپلز سیکرٹریٹ میں پارٹی ، پی ایس ایف ، یوتھ اورشعبہ خواتین کی عہدیداروں ، کارکنوں کا ایک اجتماع ہوا جس میں مٹھائیاں تقسیم کرکے پاکستانی کی سلامتی ، مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پارٹی کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب میں سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید ، سابق ضلعی صدر شگفتہ نورین کاظمی ، سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر شیخ اظہر ، یوتھ کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سید علی رضا سبزواری ، پی ایس ایف کے ضلعی صدر شاہنواز فاروقی ، کلیم قریشی ، پرویز چوہدری ، دانیال قریشی ، سردار دانش ، مراد علی چوہدری ، چوہدری ظہیر، اشتیاق چوہدری ، سینئر رہنما نذیر احمد عباسی، پی وائی او شارجہ کے سابق صدر ندیم ممتاز میر،جنید مراد سمیت دیگر عہدیداروں ، کارکنوں نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید نے کہا کہ یہ انتہائی خوش بختی کی علامت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستانی عوام اور پیپلز پارٹی کیلئے نیک شگون عمل ہے کہ انہوں نے پہلی بار انتہائی مشکل ترین حالات میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صوبے سے پہلی بار میر صادق سنجرانی کو سینٹ کا چیئرمین اور کراچی سے سلیم مانڈوی والا کو ڈپٹی چیئرمین بنانے کا اعلان کیا اور اسکے مقابلے میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں حکمران اتحاد نے راجہ ظفر الحق جیسے سینئر سیاستدان کو نامزد کیا لیکن اللہ کی ذات نے شہیدذوالفقار علی بھٹو کے نواسے اور دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو کے فرزند بلاول بھٹو زرداری کی لاج رکھتے ہوئے ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کرکے ان کی قیادت اور پیپلز پارٹی کی شہرت کو چار چاند لگا دیئے ہیں ۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 2018کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی کامیابی اور ان کے وزیراعظم پاکستان منتخب ہونے میں حائل تمام سیاسی بارودی سرنگیں دور ہوچکی ہیں بلاول بھٹو زرداری واحد عالمی شہرت یافتہ ترقی پسند ، روشن خیال طویل ریاضت رکھنے والے نوجوان سیاستدان ہیں جن کا دامن صاف ہے اور ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کے علاوہ دہشتگردی ، انتہا پسندی ، لاقانونیت ، فرقہ واریت ، صوبائی تعصب ، مضبوط وفاق اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا ویژن موجود ہے جبکہ ان کے سیاسی مخالفین اپنی دوعملی کے گرداب میں پائوں سے لیکر سر تک دھنس چکے ہیں ۔

مسلم لیگ ن نے ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں سے ساز باز کرکے اقتدار پر قبضہ کیا اور پھر آمروں سے رات کی تاریکی میں معاہدے کرکے ملک سے فرار اختیار کیا اور پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت نے اپنی چار نسلوں کو پاکستان پر قربان کرکے پھانسی کا پھندا بھی قبول کیا اور جان جان آفریں کے سپرد کرکے خودداری کی عالمی تاریخ رقم کی ۔ یوم تشکر کے سلسلہ میں دربار شریف کے احاطہ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات ضلعی صدر سید بازل نقوی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قربانیاں دیکر کثیر المقاصد حکمت عملی سے قوم کی رہنمائی کی اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں قومی مفاہمت کے کلچر کو پروان چڑھا کر پوری قوم کو سبز ہلالی پرچم کے نیچے اکٹھا کیا ۔

تقریب کے اختتام پر پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ، سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور کی کمال سیاسی بصیرت اور بہترین سیاسی حکمت عملی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور نومنتخب چیئرمین ، ڈپٹی چیئرمین سمیت منتخب سینٹ آف پاکستان کے جملہ ممبران کو مبارکباد پیش کی ۔