علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا تعلیمی پروگرامز میں 75فیصد نمبرز حاصل کرنے پر سکالر شپ فراہم کرنے کا اعلان

میرٹ سکالرشپ سکیم کے تحت وہ طلبہ جو اپنے تعلیمی پروگرام میںمطلوبہ نمبر حاصل کریں گے یونیورسٹی ان کو داخلہ فیس میں رعایت فراہم کرے گی سمسٹر بہار 2017ء میں75 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ قریبی ریجنل آفس یا ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افئیرز کو سکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں خواہش ہے کہ محض مالی مشکلات پر کوئی فرد تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہ جائے،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی

منگل 13 مارچ 2018 15:19

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ہر سطح کے تعلیمی پروگرامز میں 75فیصد نمبرز حاصل کرنے پر سکالر شپ فراہم کرنے کا اعلان کردیا، میرٹ سکالرشپ سکیم کے تحت وہ طلبہ و طالبات جو اپنے تعلیمی پروگرام کے نتائج میں 75 فیصد نمبر حاصل کریں گے یونیورسٹی ان کو داخلہ فیس میں رعایت فراہم کرے گی۔

سمسٹر بہار 2017ء کے بیشتر پروگرامز کے نتائج کے اعلانات ہو چکے ہیں جن طلبہ نے سمسٹر میں 75 فیصد نمبر حاصل کئے ہوں وہ قریب ترین ریجنل آفس یا ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افئیرز کو سکالرشپ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی خواہش ہے کہ محض مالی مشکلات کی وجہ سے کوئی فرد تعلیم حاصل کرنے سے محروم نہ رہ جائے، یونیورسٹی نے غریب اور مستحق طلبہ کو مالی معاونت اور داخلہ فیس میں رعایت فراہم کرنے کے لئی9 مختلف سکیمیں متعارف کرا دی ہیں جن میں میرٹ سکالرشپ سکیم، ارن ٹو لرن ، آئوٹ ریچ سکالرشپس، فائنل ایئر پراجیکٹ گرانٹ، سکالرشپ فار کمیونیٹیز، سکالرشپ فار ویمن، فیس انسٹالمنٹ سکیم، ایلومینائی/سپانسرز سکالرشپ اور مالی معاونت سکیم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ان تمام سکیموں کی تفصیلات جاننے اور ان سے استفادے کے لیے طلبہ کو یونیورسٹی کے شعبہ سٹوڈنٹس ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسسز اور قریب ترین علاقائی دفترسے رجوع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یونیورسٹی نے مستحق طلبہ و طالبات کو سکالرشپ سکیمز کے تحت مالی معاونت کے لیے 17 کروڑ روپے کی رقم مختص کر دی ہے۔ بطور میگا یونیورسٹی، اوپن یونیورسٹی پاکستان کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو مساوی تعلیمی سہولیات فراہم کرتی ہے اور غریب اور مستحق طلبہ کو تعلیمی نیٹ میں لانے کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے۔

مالی معاونت سکیم کے تحت یونیورسٹی غریب اور مستحق طلبہ کو ان کے پروگرام کی ٹیوشن فیس میں تین سمسٹر تک یا پورے تعلیمی پروگرام میں پچاس فیصد تک یا اس سے کم رعایت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارن ٹو لرن سکیم کے تحت یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں جزوقتی خدمات کا موقع فراہم کیا جاتا ہے اور اس خدمت کے عوض انہیں معقول معاوضہ دیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت کے ذریعے اپنے تعلیمی اخراجات کا انتظام کر سکیں۔

فیس انسٹالمنٹ سکیم کے تحت وہ طلباء و طالبات جو یکمشت کسی سمسٹر کی فیس ادا نہیں کر سکتے ان کی سہولت کے لیے آسان اقساط میں فیس وصولی کی سکیم جاری کی گئی ہے۔ فیس کی دوسری قسط پینتالیس (45) دن بعد ادا کی جا سکتی ہے۔ شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ سمسٹر بہار 2018ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلوں کی آخری تاریخ 30 مارچ مقرر کی گئی ہے۔ تمام پراسپکٹس اور داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

متعلقہ عنوان :