پلاسٹک مصنوعات کی نمائش ’’پاک پلاسا‘‘ 16 سے 18 مارچ کے دوران لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نمائش کا افتتاح کریں گے

منگل 13 مارچ 2018 15:19

پلاسٹک مصنوعات کی نمائش ’’پاک پلاسا‘‘ 16 سے 18 مارچ کے دوران لاہور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) پاکستان کی سب سے بڑی پلاسٹک مصنوعات کی نمائش ’’پاک پلاسا‘‘16 سے 18 مارچ کے دوران لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی،16مارچ کوگورنر پنجاب رفیق رجوانہ نمائش کا افتتاح کریں گے۔ پاکستان پلاسٹک مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم ای) کی جانب سے مرتب کردہ یہ نمائش بین الاقوامی پلاسٹک نمائشوں کی مناسبت سے تیار کی گئی ہے۔

اس کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں پاکستان پلاسٹک انڈسٹری کی پیشکشوں اور کامیابیوں کی نمائش کے علاوہ یہ متعدد معلوماتی سیشنز پر مشتمل ہوگی جن میں تکنیکی ترقی، صلاحیتیں، ابھرتے ہوئے رجحانات اور اس شعبہ کی برآمدی صلاحیت شامل ہیں۔ اس تین روزہ ایونٹ میں توقع ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی کاروباری اداروں سے صنعتی خریدار، ماہرین، کاروباری شخصیات، ریگولیٹرز، سرمایہ کاروں اور پروفیشنل وفود کی بڑی تعداد شرکت کرے گی جو اپنے کاروباری تعلقات کی توسیع اور معیشت کے اس اہم شعبہ میں باہمی تعاون کیلئے نئے مواقع تلاش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

’’پاک پلاسا‘‘ کے چیف آرگنائزر سیّد نبیل ہاشمی نے کہا کہ یہ ایونٹ پلاسٹک پروسیسنگ انڈسٹری کے شراکت داروں کو راغب کرنے اور اجتماعی اقدامات میں سہولت کے لئے ترتیب دیا گیا ہے جہاں اس صنعت کے تمام طبقات جن میں خام مال کے پروڈیوسرز، پروسیسرز، پلاسٹک مشینری مینوفیکچررز، میکرز آف مائولڈز اینڈ ڈائیز، ٹریڈرز اور پلاسٹک خام مال کے درآمد/برآمد کنندگان، مکمل تیار اور نیم تیار شدہ اشیاء کے پروڈیوسرز اس صنعت میں ترقی کو فروغ دینے کے لئے بات چیت اور اپنے خیالات کا تبادلہ کر سکیں گے۔

’’پاک پلاسا‘‘ کو اس شعبہ میں مایہ ناز کاروباری اداروں اور ایسوسی ایشن کی جانب سے وسیع معاونت حاصل ہے۔ پی پی ایم اے ایک متحرک ایسوسی ایشن ہے جو تعاون کے فروغ، استحکام اور پاکستان میں پلاسٹک پروسیسنگ انڈسٹری کے فروغ کے لئے پرعزم ہے جبکہ یہ اپنی مصنوعات کے معیار کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ پی پی ایم اے نے ’’پاک پلاسا‘‘ نمائش کو ایک وسائل سے بھرپور پلیٹ فارم بنایا ہے جو بنیادی کرداروں کے مابین مضبوط تعلق کو بڑھانے اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں آسان رسائی کا وعدہ کرتی ہے۔ نمائش پلاسٹک ٹیکنالوجیز سینٹر اور دیگر پولیمر ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹس کے کرداروں پر روشنی ڈالے گی۔