ہار جیت کا مرحلہ گزر گیا ہے‘

آگے بڑھنے کی ضرورت ہے‘ بعض جماعتوں کے ارکان کا حکومت کے مخالف امیدوار کو ووٹ دینا آئین اور قانون کے خلاف نہیں ہے، سید نوید قمر

منگل 13 مارچ 2018 14:45

ہار جیت کا مرحلہ گزر گیا ہے‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید نوید قمر نے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی جمہوریت کے لئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہار جیت کا مرحلہ گزر گیا ہے‘ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے‘ کیا کھویا کیا پایا اس سے ہمیں سبق حاصل کرنا چاہیے‘ آئندہ عام انتخابات صاف‘ شفاف منصفانہ اور مداخلت سے پاک ہوں یہی جمہوریت کی اصل فتح ہوگی۔

منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر سید نوید قمر نے محمود خان اچکزئی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کے حوالے سے بعض خلا ضرور ہیں مگر کل کے فیصلے پاکستان تحریک انصاف‘ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر حکومت کے مخالف امیدوار کو ووٹ دیا، یہ آئین اور قانون کے خلاف نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت اگر پہلے دن سے پارلیمنٹ کو اہمیت دیتی تو شاید ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔

وقت آنے پر ہم جمہوری بن جاتے ہیں، یہاں جو کچھ بھی ہوا سب ہماری آنکھوں کے سامنے ہوتا رہا ہے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان دوریاں اس لئے بڑھی ہیں کہ نظام کو آگے بڑھانے کے لئے ہماری کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوئیں۔ میاں رضا ربانی کا بطور چیئرمین دور مثالی رہا ہے مگر ہمیں میاں رضا ربانی کی اچھائیاں آخری دن نظر آنے لگیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت گرانے کے حوالے سے بھی ہم کئی شکایات سنتے ہیں مگر بلوچستان اسمبلی کے ارکان کی وزیراعلیٰ سے شکایات کا ازالہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اب ہار جیت کا مرحلہ گزر گیا ہے۔ اب آگے بڑھنے کی ضرورت ہے‘ کیا کھویا کیا پایا اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔ پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے گی۔ آئندہ جس نے بھی الیکشن کے بعد آنا ہے اسے یہ سب دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس بات کا ادراک کرنا ہوگا کہ آئندہ عام انتخابات صاف شفاف‘ منصفانہ اور مداخلت سے پاک ہوں یہی جمہوریت کی اصل فتح ہوگی۔

متعلقہ عنوان :