سینٹ الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ تاریخ کا سیاہ ترین دھبہ ہے‘

ہم جمہوریت کی جنگ ہار چکے ہیں، محمود خان اچکزئی

منگل 13 مارچ 2018 14:45

سینٹ الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ تاریخ کا سیاہ ترین دھبہ ہے‘
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ سینیٹ ہائوس آف فیڈریشن ہے‘ اگر اس کے الیکشن میں زر اور زور کا استعمال ہوگا تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی‘ سینیٹ الیکشن میں جو کچھ ہوا وہ تاریخ کا سیاہ ترین دھبہ ہے‘ سینیٹ الیکشن میں ہم جمہوریت کی جنگ ہار چکے ہیں۔

منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آج نجی کارروائی کا دن ہے مگر انتہائی اہم مسئلے پر تاریخی آئینی فرض ادا کرنے کے لئے بات کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وفاقی اکائیوں کا مجموعہ ہے اور سب خود کو پاکستانی کہتے ہیں۔ ہم سب آئین کے تحت آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ سینیٹ ہائوس آف فیڈریشن ہے، اگر اس کے انتخاب میں زر اور زور کا استعمال ہوگا تو پاکستان کی بنیادیں ہل جائیں گی۔

(جاری ہے)

میں نے بلوچستان کے الیکشن کے حوالے سے بیرونی مداخلت کی بات کی تھی اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا تھا کہ اس کی تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ہم زور اور زر کے نتیجے میں جمہوریت کی جنگ ہا رچکے ہیں۔ انہوں نے جنگ پلاسی کے میدان میں میر جعفر اور صاد ق کی غداری اور ٹیپو سلطان کی شہادت کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس کے نتیجے میں برصغیر 300 سال تک غلام رہا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مجبور کیا جارہا ہے کہ ہم گلی کوچوں کا رخ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں جو کچھ ہوا وہ تاریخ کا سیاہ ترین دھبہ ہے۔ تمام جمہوری قوتوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمارے اتحاد اور اتفاق کا وقت آگیا ہے۔ میں جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان جنگ کا سپاہی ہوں میں آئین کے ساتھ ہوں اور آئین سے تجاوز کرنے والے کا ساتھ نہیں دے سکتا۔