ایبٹ آباد یونیورسٹی کے شعبہ مائیکرو بیالوجی کے زیراہتمام ایک روزہ تربیتی سیمینار کا انعقاد

منگل 13 مارچ 2018 14:26

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شعبہ مائیکرو بیالوجی کے زیراہتمام ایک روزہ تربیتی سیمینار کا انعقادکیا گیا۔ سیمینار کے مہمان خصوصی وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد تھے۔ سیمینار میں فیڈرل یونیورسٹی کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ساجد جہانگیر نے گلوبل کیمسٹ کوڈ آف ایتھکس، اسسٹنٹ پروفیسر ایچ ای جے ڈاکٹر محمد عمران ملک نے سائیٹیفکٹ رائٹنگ پر لیکچر دیا جبکہ انٹرینشل فیڈریشن آف بائیو سیفٹی ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر جاوید محمد نے بائیو سیفٹی، بائیو سیکورٹی اور ڈاکٹر محمد اسماعیل وہرہ نے پی پی ای اور فائر ڈریل کے حوالہ سے طلباء و طالبات کو تربیت دی۔

اس موقع پر طلباء و طالبات خصوصاً مائیکرو بیالوجی کی جو لیبارٹیز میں کام کر رہی ہیں انہیں جراثیم سے حفاظتی تدابیر کے حوالہ سے تربیت دی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں فل ڈریس ریہرسل بھی کروائی گئی۔

(جاری ہے)

طلباء و طالبات نے لیکچر کو انتہائی غور سے سنا اور مختلف سوالات بھی کئے جبکہ تربیتی سیشن کو بھی انتہائی مفید قرار دیا۔ اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ طلباء کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ عملی تربیت دینا بھی ہمارے اولین فرائض میں شامل ہے، طلباء و طالبات جو لیبارٹریز میں کام کر رہے ہوتے ہیں اور مختلف قسم کے کیمیکلز بھی ان کے استعمال میں ہوتے ہیں جبکہ تجربات کے دوران انہیں مختلف قسم کے جراثیموں کے ساتھ بھی نمٹنا پڑتا ہے۔

اس پراسیس کے دوران انہیں انتہائی چوکنا رہنا پڑتا ہے اور اس حوالہ سے حفاظتی تدابیر کی بھی ضرورت ہوتی ہے، اس حوالہ سے تربیتی سیمینار کا انعقاد انتہائی احسن اقدام ہے جس سے طلباء و طالبات کو کافی معلومات میسر آئیں گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ حفاظتی تدابیر کے حوالہ سے بھی مفید معلومات ملے گی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم اپنے اداروں کو اپنا نہیں سمجھتے، ہم صرف سرکاری نوکری سمجھ کر اپنا وقت گزار رہے ہوتے ہیں اور یہی ہماری سب سے بری عادت ہے، اگر ہم اداروں کو اپنا سمجھیں اور اپنے وقت کو قوم کی امانت سمجھیں تو ہم بہتر طریقہ کے ساتھ اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مائیکرو بیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے طلباء و طالبات کی تربیتی کورسز، سیمینار اور ورکشاپس کا انعقاد انتہائی مفید عمل ہے جس کی دیگر شعبہ جات کو بھی تقلید کرنی چاہئے۔ انہوں نے سیمینار کے بہترین انعقاد پر ڈاکٹر مجدد الرحمن سمیت دیگر منتظمین کو مبارکباد دی۔