ضلعی انتظامیہ جبوڑی کیان سڑک کی تعمیر کے زیر التوا منصوبہ میں تعطل دور کرنے میں کامیاب ہو گئی

منگل 13 مارچ 2018 14:26

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) مانسہرہ کی ضلعی انتظامیہ جبوڑی کیان سڑک کی تعمیر کے زیر التوا منصوبہ میں تعطل دور کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ انتظامیہ کی کوششوں سے مذکورہ سڑک کے دونوں اطراف کی آبادیوں کے درمیان کامیاب مذاکرات کے نتیجہ میں بانڈہ کیسیج کے عوا م نے منصوبہ کے خلاف عدالت میں دائر کردہ مقدمہ واپس لے لیا ہے، پیش رفت کے بعد محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے جبوڑی۔

کیان سڑک کی تعمیر پر کام دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ خرم رحمن نے جبوڑی۔کیان (بانڈہ کیسیج) سڑک میں تعطل کا تین سال پرانا تنازعہ حل کرنے کیلئے گذشتہ ہفتہ اصل صورتحال معلوم کرنے کی غرض سے علاقہ کا دورہ کیا تھا جس سے یہ بات سامنے آئی کہ ایک مختصر آبادی کو فائدہ پہنچانے کیلئے سڑک کا رخ نقشہ سے ہٹ کر دوسری جانب موڑ دیا گیا تھا جس پر بانڈہ کیسیج کی متاثرہ آبادی نے عدالت سے حکم امتناہی حاصل کر لیا۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے با عث یہ منصوبہ تین سال سے سرد خانے میں پڑا ہوا تھا جس سے قومی خزانہ کو نقصان کا اندیشہ بھی تھا چنانچہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے دونوں آبادیوں کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعہ بانڈہ کیسیج کی آبادی کی عدالت سے مقدمہ واپس لیکر مطلوبہ اراضی سڑک کیلئے فراہم کرنے پر آمادہ کر لیا۔ اس فیصلہ کے بعد سی اینڈ ڈبلیو نے تعمیرا تی مشینری موقع پر پہنچا کر دوبارہ کام شروع کروا دیا۔ وا ضح رہے کہ اس سڑک کی عدم موجودگی کے باعث علاقہ کے لوگوں کو آمدورفت کیلئے جیپ کا بھاری کرایہ برداشت کرنا پڑتا تھا۔

متعلقہ عنوان :