سلائی کڑھائی کا 6 ماہ کا کورس مکمل کرنے والی 60 خواتین میں سرٹیفیکیٹس ، تحائف تقسیم

منگل 13 مارچ 2018 14:26

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) پاکستان بیت المال ہری پورکے ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر سٹی ون سے چھ ماہ کا سلائی کڑھائی کورس مکمل کرنے والی 60 خواتین میں سرٹیفیکیٹس اور تحائف تقسیم کئے گئے۔ اس حوالہ سے پاکستان بیت المال کے زیر اہتمام ٹی ایم اے ہال میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کمیشن آن سٹیٹس فار ویمن کی چیئر پرسن ساجدہ حسرت خان، تحریک انصاف ویمن ونگ کی ضلعی صدر روبینہ شاہین، پی پی پی کی گلنازرشید ایڈوکیٹ، نزہت فاطمہ، ساجدہ یونس، شاہدہ ایڈووکیٹ اور دیگر سیاسی و سماجی خواتین بھی موجود تھیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید سیف الاسلام تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان بیت المال کے ضلعی آفیسر نیئر عباس جعفری نے سنٹر کے قیام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے کورس مکمل کرنے والی خواتین میں بیت المال کی جانب سے سرٹیفیکیٹس اور تحائف تقسیم کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ملک آبادی کے نصف فیصد سے بھی زائد ہیں، انہیں بااختیار بنائے بغیر ہم کسی صورت ترقی نہیں کر سکتے، پاکستان بیت المال کے ایمپاور منٹ سنٹرز اس حوالہ سے بہت بڑا کام کر رہے ہیں جو بیروزگار خواتین کو فنی تعلیم کے ذریعہ ہنر مند بنا کر باعزت روزگار شروع کرنے کے قابل بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا خواتین کو چاہئے کہ وہ ہنر سیکھ کر کام کریں اور اپنے علاقہ کی مزید خواتین کو ہنر مند بنائیں تاکہ خواتین گھروں میں بیٹھنے کی بجائے اس ہنر کو بروئے کار لا کر خود کمانے کے قابل ہو سکیں۔