پانچ ماہ میں فرنس آئل کی درآمدات 58فیصد کم ہوگئی

اکتوبر سے فروری کے دوران کمی کے بعد 6لاکھ 39ہزار میٹرک ٹن تک محدود رہی

منگل 13 مارچ 2018 14:25

پانچ ماہ میں فرنس آئل کی درآمدات 58فیصد کم ہوگئی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء)ایل این جی درآمدات میں اضافے اور درآمدی فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار پر پابندی کے باعث پانچ ماہ میں فرنس آئل کی درآمدات 58 فیصد کم ہوگئی۔وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق اکتوبر سے فروری کے دوران فرنس آئل کی درآمدات 58 فیصد کی کمی کے بعد 6 لاکھ 39 ہزار میٹرک ٹن تک محدود رہی، صرف جنوری 2018 میں 58 ہزار 500 میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب رواں مالی سال میں اب تک فرنس آئل کی درآمدات میں 31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی سے فروری کے دوران 27 لاکھ 88 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل درآمد ہوا۔واضح رہے کہ حکومت نے اکتوبر 2017 میں فرنس آئل کی درآمدات پر پاپندی عائد کردی تھی جبکہ دسمبر 2017 میں پاکستان کا سب سے بڑا ایل این جی ٹرمینل بھی آن لائن آچکا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس عرصے کے دوران ایل این جی سے بجلی کی پیدوار جو ایک سال قبل 100 میگا واٹ تک محدود تھی جو بڑھ کر اب 1600 میگا واٹ سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔