سینٹ الیکشن میں سازش ہوئی ‘

نواز شریف اس نظام کو بدلنے کی طرف چل نکلے ہیں کیپٹن (ر) محمد صفدر کا قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال

منگل 13 مارچ 2018 14:08

سینٹ الیکشن میں سازش ہوئی ‘
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں سازش ہوئی ہے‘ نواز شریف اس نظام کو بدلنے کی طرف چل نکلے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ ہمارے آبائو اجداد نے یہ پاکستان دیا۔ بھٹو کو پھانسی دی گئی لیکن اس کا نظریہ زندہ رہا۔

گزشتہ روز پھر بھٹو کو پھانسی دی گئی ۔ ہم سینٹ میں ہارے لیکن ہم جنگ نہیں ہاریں گے۔ محمود خان اچکزئی نے بتا دیا ہے کہ بلوچستان میں عدم اعتماد کیسے ہوا ۔

(جاری ہے)

28 جولائی کا فیصلہ سی پیک کے خلاف سازش ہے۔ بلوچستان میں عدم اعتماد دوسری سازش تھی اور اب سینٹ الیکشن تیسری سازش ہے۔ پیپلز پارٹی کی جب اپنی حکومت تھی تب ان کو بلوچستان یاد نہیں آیا۔

نواز شریف ایک ایسے نظام کو بدلنے کی طرف چل پڑے ہیں ‘ میں اپنے قائد کے لئے تختہ دار پر چڑھنے والا پہلا شخص ہوں گا۔کیپٹن صفدر نے کہا کہ ہمیں سزائوں سے نہ ڈرایا جائے۔کیا اس پارلیمنٹ کی اپنی عزت نہیں ہے۔ کیا سیاسی قائدین کا احترام نہیں ہے۔ سینٹ انتخابات میں نواز شریف ہارے نہیں، وہ مستقبل کی جنگ جیت جائیں گے۔ رضا ربانی کے اندر ذوالفقار علی بھٹو کا نظریہ ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔