پی ٹی وی حملہ کیس ،ْپرویزخٹک، طاہرالقادری اور جہانگیر ترین بدستور مفرور قرار

ملزمان کے اسٹیٹس سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی جائے ،ْعدالت کی ہدایت عدالت نے شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی عمران خان کی بریت کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ،ْ 27 مارچ کو دلائل دیے جائیں گے

منگل 13 مارچ 2018 13:47

پی ٹی وی حملہ کیس ،ْپرویزخٹک، طاہرالقادری اور جہانگیر ترین بدستور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک، ڈاکٹر طاہر القادری اور جہانگیر ترین کو بدستور مفرور قرار دیا ہے۔ منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملے سے متعلق کیسز کی سماعت کی، اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی، اسد عمر اور اعجاز چوہدری عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پیشی کیلئے استثنیٰ حاصل کر رکھا تھا۔سماعت کے دوران عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزمان ڈاکٹر طاہرالقادری، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین کو بدستور مفرور قرار دیدیا اور حکم دیا کہ ملزمان کے اسٹیٹس سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ رپورٹ میں بتایا جائے کتنے ملزمان کی ضمانت ہوئی ،ْنامزد کتنے ملزمان نے استثنیٰ حاصل کیا اور کون مفرور ہی ۔

سرکاری وکیل نے عمران خان کی مستقل استثنیٰ سے متعلق درخواست پر دلائل کیلئے وقت مانگ لیا جبکہ عدالت نے شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت بھی منظور کرلی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے عمران خان کے خلاف ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت کی جس کے دوران فاضل جج نے ملزم کی ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بریت کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کردی گئی جس پر 27 مارچ کو دلائل دیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 2014 میں حکومت مخالف دھرنے کے دوران عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف ایس ایس پی تشدد، پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمات درج کیے گئے تھے