الحمراء ہال l اور ہال ll میں جاری اسٹیج ڈراموں میں مقررہ ریٹ سے زیادہ قیمت پر ٹکٹ فروخت کرنے پر سخت نوٹس

ڈرامہ پروڈیوسروں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطا ء محمد کو معافی نامہ لکھ دیا ، آئندہ مقرر کردہ ریٹ پر ٹکٹوں کی فروخت کی یقین دہانی

منگل 13 مارچ 2018 13:17

الحمراء ہال l اور ہال ll میں جاری اسٹیج ڈراموں میں مقررہ ریٹ سے زیادہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) الحمراء ہال l اور ہال ll میں جاری اسٹیج ڈراموں میں مقررہ ریٹ سے زیادہ قیمت پر ٹکٹ فروخت کرنے پر الحمراء آرٹ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطا ء محمد نے سختی سے نوٹس لے لیا،ڈرامہ پروڈیوسروں نے الحمراء آرٹ کونسل کی طرف سے مقرر کردہ ریٹ پر ٹکٹوں کی فروخت کی یقین دہانی کرادی۔

ذرائع کے مطابق الحمراء ہال l میں اسٹیج ڈرامہ ’’یس میڈیم ‘‘اور ہال ll میں ’’ مائیں نی میں کینوں آکھاں‘‘جاری ہے ۔ دونوں ہالوں میں الحمراء آرٹ کونسل کی جانب سے مقرر کردہ ٹکٹ ریٹس سے زائد قیمتوں پر ڈرامہ کی ٹکٹیں فروخت کی جارہی تھیں جس کی اطلا ع ملنے پر الحمراء آرٹ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطاء محمد نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ڈرامے بند کرنے کی کارروائی شروع کر دی جس پر ڈرامہ پروڈیوسروںنے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے معافی نامہ لکھ دیا جس کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے ان کو وارننگ نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ ٹکٹیں زائد قیمتوں پر فروخت کی گئی تو ڈرامہ پروڈیوسروں کو جرمانہ کرنے کے ساتھ اسٹیج ڈرامہ بھی بند کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

الحمراء میں کام کرنے والے ڈرامہ فنکاروں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطاء محمد کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کیپٹن (ر) عطاء محمد الحمراء میں اسٹیج ڈرامے کی بحالی میں انتہائی سنجیدہ اور مثبت اقدامات کررہے ہیں جس کے دو ر س نتائج سامنے آرہے ہیں ۔