اقوام متحدہ کے کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن کے پندرہ روزہ اجلاس کے پہلے دن پاکستانی مشن کے زیر اہتمام تصویری نمائش اور دیگر تقاریب کا اہتمام،پاکستانی خواتین کے کارناموں کو اجاگر کیا گیا،

پاکستانی خواتین نے دنیا بھر میں اپنا مقام منوایا ہے،بانیان پاکستان کی بصیرت ، ہمارے آئین ، قدیم تہذیبی روایات اور ہمارے دین نے خواتین کو وہ پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جس میں انہوں نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،ڈاکٹر ملیحہ لودھی

منگل 13 مارچ 2018 12:46

اقوام متحدہ کے کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن کے پندرہ روزہ اجلاس کے پہلے ..
اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) اقوام متحدہ کے کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن کے پندرہ روزہ اجلاس کے پہلے دن پاکستانی مشن کے زیر اہتمام تصویری نمائش اور دیگر تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ تصویری نمائش میں اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمود اور مختلف ممالک کے سفارت کاروں اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ ایم علی کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی۔

نمائش میں ممتاز پاکستانی خواتین کے کارناموں کو اجاگر کیا گیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اس موقع پر کہا کہ نمائش کا مقصد ان پاکستانی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جنہوں نے اپنے کارناموں سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی لحاظ سے کسی سے پیچھے نہیں اور وہ اپنے کام سے نہ صرف اپنے ملک بلکہ پوری دنیا کو متاثر کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم ممالک میں پہلی خاتون وزیر اعظم، وزیر خارجہ، سپیکر قومی اسمبلی، سفارت کار، جج، حقوق انسانی کی علمبردار، ماہرین اقتصادیات، کھلاڑیوں اور انٹرپرینوئرز کی حیثیت سے پاکستانی خواتین نے دنیا بھر میں اپنا مقام منوایا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جس میں انہوں نے شاندار کامیابیاں حاصل نہ کی ہوں اور مردوں سے پیچھے رہی ہوں۔

بانیان پاکستان کی بصیرت ، ہمارے آئین ، قدیم تہذیبی روایات اور ہمارے دین نے خواتین کو وہ پلیٹ فارم فراہم کیا ہے جس میں انہوں نے زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمود نے نمائش میں رکھی گئی تصاویر میں گہری دلچسپی لی اور پاکستانی خواتین کے کارناموں کو اجاگر کرنے کی کوششوں پر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو سراہا۔

اس موقع پر پاکستانی خواتین کے نمایاں کارناموں کو اجاگر کرنے کے لئے ایک وڈیو بھی دکھائی گئی۔پاکستان، قطر اور اٹلی تیونس کے اشتراک سے صنفی انصاف کی ثقافت تشکیل دینے کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی، نیلم خان، فوزیہ وقار، اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے شرکت کی ۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی نے اپنے خطاب میں سیاست میں پاکستانی خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی اوران کو درپیش چیلنجز اور دستیاب مواقع پر اظہار خیال کیا۔