چارسدہ، ڈی سی منتظر شاہ نے محکمہ مال کی نئی عمارت کا افتتاح کردیا

منگل 13 مارچ 2018 12:46

چارسدہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان نے محکمہ مال چارسدہ کے ریکارڈ کو محفوظ بنانے اور عوام کی سہولت کے پیش نظر دو کروڑ 85 لاکھ 96 ہزار روپے کی لاگت سے چارسدہ شہر میں تعمیر کردہ نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی سی چارسدہ خان محمد، اسسٹنٹ کمشنر چارسدہ طلعت فہد، محکمہ ورکس اینڈ سروسز کے ایس ڈی او فضل رازق، سپرنٹنڈنٹ حاجی مجاہد گل، تحصیلدار چارسدہ محمد اقبال، امجد علی، نویدخان، جوہر علی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی سی چارسدہ منتظر خان نے محافظ خانہ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ ذمہ داروں کو ہدایات جاری کیں ‘میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی چارسدہ منتظر خان نے کہا کہ محکمہ مال کے ریکارڈ کو محفوظ کرانے کے ساتھ اسے جدید تقاضوں کے مطابق لانا چارسدہ کے عوام اور محکمہ مال کے عہدیداروں کیلئے ایک بڑا مسئلہ تھا جس کو حل کرانے کیلئے آج نئی تعمیر کردہ عمارت کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے۔ اٴْنہوں نے کہا کہ اس محافظ خانے میں 1870 ء سے تاحال تمام ریکارڈ کو محفوظ کرلیا گیا ہے اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق لانے کیلئے 15 اپریل تک تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں گے۔