سپریم کورٹ نے محمد نواز شریف، شہباز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر، دانیال عزیز، طلال چودھری یوسف رضاگیلانی ، نیئر حسین بخاری کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں نمٹا دیں

سابق صدر پرویز مشرف کے دو عہدوں، سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق وزیر وفاقی قانون سید اقبال حیدر کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں بھی غیر موثر قرار دے کر نمٹادی گئیں

منگل 13 مارچ 2018 12:12

سپریم کورٹ نے محمد نواز شریف، شہباز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر، دانیال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق چیئر مین سینیٹ نیئر حسین بخاری کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں نمٹا دیں جبکہ سابق صدر پرویز مشرف کے دو عہدوں، سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق وزیر وفاقی قانون سید اقبال حیدر کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں بھی غیر موثر قرار دے کر نمٹادی گئیں۔

منگل کو مختلف سیاسی رہنمائوں کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر، وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز اور وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کے خلاف توہین عدالت سے متعلق درخواستیں نمٹا دیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ پاناما فیصلے کے بعد نوازشریف نے جلوس نکالا اور عدلیہ مخالف تقاریر کیں۔ چیف جسٹس نے سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں کہا کہ نوازشریف نے تمام باتیں جے آئی ٹی سے متعلق کی تھیں وہ عدالت سے متعلق نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے متعلق جو ریمارکس اب دیئے جارہے ہیں، وہ ہمیں مل رہے ہیں اورعدالت کے خلاف بیانات کا معاملہ مناسب وقت پر اٹھائیں گے۔

سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے دوعہدوں کے خلاف درخواست بھی غیر موثر قراردے کر نمٹا دی جبکہ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضاگیلانی، سابق چیئرمین سینیٹ سید نیر حسین بخاری اور سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں بھی غیر موثر قرار دے کر نمٹادی گئیں۔