سیدعلی گیلانی کی طرف سے شہید کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت

بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہتے کشمیریوں کا قتل عام مسلسل جاری ہے

منگل 13 مارچ 2018 11:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے اسلام آباد کے علاقے ہاکورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوںشہید ہونیوالے تین کشمیری نوجوانوں محمد عیسیٰ فاضلی، اویس شفیع اور سبزار احمد صوفی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہتے کشمیریوں کا مسلسل قتل عام جاری ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں جاری خونریزی کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوںپر عائد ہوتی ہے جو کہ مسئلہ کشمیر کو صرف اور صرف فوجی طاقت کے بل پر حل کرنا چاہتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے حق آزادی کو جبری طور پر سلب کر رکھا ہے ، جس کے حصول کیلئے کشمیری نوجوان عظیم اور بے مثال قربیان پیش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سرفروش کشمیری قوم کی مظلومیت اور محکومیت ختم کرنے کیلئے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔سیدعلی گیلانی نے کہا کہ جموں وکشمیر کی غیر یقینی سیاسی صورتحال اور عدمِ استحکام کی وجہ سے قیمتی انسانی زندگیوں کا زیاں جاری ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہوجاتی ہے، جو کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرنے کے بجائے اپنی ضد اور ہٹ دھرمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور خطے پر فوجی طاقت کے زور پر اپنا جبری تسلط جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

بھارت نواز سیاست دانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جب بھی بھارت پر عالمی سطح پر انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف دباؤ بڑھا تو انِ غدار قوم نے آگے بڑھ کر بھارت کے ظلم وجبر کاتحفظ کیا اور اسے جواز بخشا ۔ انہوںنے کہاکہ حال ہی میں شوپیاں میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام پر کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کے ایک ٹویٹ پر بھارت نے انہیں تنبیہ کی تھی کے جموںوکشمیر کے حسا س معاملے پر انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔

تاہم انہوںنے کہاکہ کشمیریوںکی مصیبتوں کے ذمہ دار یہ بھارتی کٹھ پتلیاں بے غیرتی اور بے ضمیری کی ایسی مثال بن گئی ہیں، جو دھتکارے جانے کے باوجود بھی اپنے آقاؤں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے ان کے چوکھٹ پر سجدہ ریز رہتے ہیں ۔حریت چیئرمین کی ہدایت پر حریت رہنمائوں کے ایک وفد نے صورہ جاکر محمد عیسیٰ فاضلی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وفدمیں حکیم عبد الرشید، محمد رفیق اویسی، محمد اشرف لایا، عبدالاحد اور دیگر کارکن شامل تھے۔ اس موقع پرمحمد اشرف لایا نے خطاب کرتے ہوئے شہید نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور انکے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :