حریت رہنمائوں اور تنظیموں کا شہدائے ہاکورہ کو خراج عقیدت

منگل 13 مارچ 2018 11:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںحریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اسلام آباد کے علاقے ہاکورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے تین کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے ایک بیا ن میں شہید نوجوانون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر کو اپنی نو آبادی تصور کرتاہے اوراسی سوچ کی بنیاد پر ہر روز ہمارے نو نہالوں کاقتل عام کیاجارہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کی کاوشوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ ہمارے لخت جگر استعمار اور جبر کا شکار بن رہے ہیں لیکن دنیا کے نام نہاد انصاف پسند اپنے تجارتی مفادات کے تحفظ کیلئے مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

یاسین ملک نے شہید نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اٴْن کی مقامی کٹھ پتلیوںنے پہلے کشمیریوںکی تمام سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کی اور اب انہیں تہہ تیغ کرنے کاسلسلہ تیز کردیاگیا ہے ۔

لبریشن فرنٹ کے رہنماء بشیر احمد کشمیری اور ظہور احمد بٹ نے صورہ جاکرعیسیٰ فاضلی کی نمازجنازہ میں شرکت کی اورسوگوارخاندان سے اظہاریکجہتی کیا۔ میرواعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوںکو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام ابھی سانحہ شوپیاں بھلا نہیں پائے تھے کہ تین اور نوجوانوں کوشہید کردیاگیا۔

انہوںنے کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے مسئلہ کشمیر اس پورے خطے میں قتل و غارت گری اور انسانی جان و مال کی تباہی اور بربادی کا سبب بنا ہوا ہے اور یہ مسئلہ پورے خطہ میں ایک فلیش پوائنٹ بنا ہوا ہے لہٰذا جب تک اس مسئلہ کو اس کے تاریخی پس منظر میں حق خودارادیت کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی قراردادوں یا پھر سہ فریقی مذاکرات کے ذریعہ حل نہیں کیا جاتا سیاسی غیر یقینیت اور عدم استحکام کی فضا مسلسل جاری رہے گی۔

حریت رہنمائوں اور تنظیموں بلال صدیقی ،غلام محمد خان سوپوری،ظفر اکبر بٹ ،آسیہ اندرابی جاوید احمد میر،شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، محمداحسن اونتو ، امتیاز احمد ریشی ، غلام نبی وار،فردوس احمد شاہ اورنیشنل فرنٹ،مسلم لیگ ،لبریشن فرنٹ (آر)اوردیگر نے بھی شہید نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ ادھر مسلم لیگ ، تحریک مزاحمت اورحریت کانفرنس جموںوکشمیر کے وفود نے بھی صورہ جاکر شہید عیسیٰ فاضلی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا ۔