سعودی عرب ، کیمیکل گودا م میں آتشزدگی

Sadia Abbas سعدیہ عباس منگل 13 مارچ 2018 10:51

سعودی عرب ، کیمیکل گودا م میں آتشزدگی
جدہ  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مارچ2018ء)   سعودی محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں نے کیمیکل گودام میں لگنے والی ہولناک آگ پر گھنٹوںکی کوشش کے بعد قابو پالیا۔ آگ اتوار اور پیر کی درمیانی شب لگی تھی ۔ شہری دفاع کے ترجمان کرنل سعید سرحان نے اردونیوز کو بتایا کہ محکمہ کے کنٹرول روم میں اطلاع ملی کہ صنعتی علاقے کے ایک گودام میں آگ لگ گئی ۔

کیمیکل اشیاءسے بھرے گودام میں آتشزدگی کی خطرناک صورتحال کے پیش نظر شہری دفاع کے مخصوص یونٹس جائے حادثہ پر بھیجے گئے جنہو ںنے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ مقام کے اطراف میں مخصوص مواد کا اسپرے کیا تاکہ آگ دیگر گودامو ں تک نہ پھیل سکے ۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ کیمیکل مواد ہونے کے سبب آتشزدگی اس قدر خطرناک تھی کہ دھواں میلوں دور سے دکھائی دے رہا تھا جبکہ آگ کے بلند ہوتے ہوئے شعلے بھی دور سے نظر آرہے تھے ۔

(جاری ہے)

فائر فائٹرز کے دیگریونٹس کو بھی مدد کےلئے طلب کیا گیا ۔ آتشزدگی کا خطرناک پہلو یہ تھا کہ گودام میں موجود کیمیکل سے نکلنے والی گیس ماحول کو خراب نہ کر دے اس اعتبار سے فائر فائٹرز نے خصوصی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے انتہائی مہارت کا ثبوت دیا اور گودام کے اطراف میں کولنگ اسپرے کیا تاکہ کیمیکل مواد سے اٹھنے والا دھواں فضا میں نہ پھیلے اور نقصان کم سے کم ہو ۔

گودام میں کلورین ، کوئلہ ، سوڈیم فاسفیٹ کی بڑی مقدار موجود تھی جس سے اٹھنے والے دھوئیں پر قابو پانے کےلئے جدید طریقے استعمال کئے گئے ۔ متاثرہ گودام 2 ہزار مربع میٹر پر محیط تھا ۔ متاثر ہ گودام سے ملحق دوسرے گودام میں بھی کیمیائی مواد تھا جسے بچانے کی کوشش کامیاب رہی ۔ کرنل سرحان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم آگ سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔ آگ پر رات گئے تک مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ۔ محکمہ کے مخصوص یونٹس آتشزدگی کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :