چودھری شجاعت کی سینیٹ میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدواروں کی کامیابی پر دلی مبارکباد

پیر 12 مارچ 2018 23:22

چودھری شجاعت کی سینیٹ میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدواروں کی کامیابی پر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے سینیٹ میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدواروں محمد صادق خان سنجرانی کو چیئرمین اور سلیم مانڈوی والا کو ڈپٹی چیئرمین منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اس جیت پر خصوصی مبارکباد دیتا ہوں، بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب ملک کو مضبوط کرے گا۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اپنے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کو جیت کے پہلے دن میں نے کہا تھا کہ آپ صرف ہمارے وزیراعلیٰ نہیں ہیں آپ کو دیگر سیاسی جماعتوں کے لوگوں نے بھی ووٹ دئیے ہیں اور آپ نے سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور آج اللہ کے فضل و کرم سے عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین سینیٹ منتخب کروا کے اپنا وہ وعدہ پورا کر دیا، کل جب وہ مجھ سے ملنے آئے تھے تو میں نے صادق سنجرانی صاحب کو بھی یہی کہا تھا کہ پہلے پاکستان کی سالمیت اور پھر تمام لوگوں کے مفاد میں فیصلے کریں جس پر صادق سنجرانی نے کہا کہ آپ میرے حق میں دعا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ کے انتخابات کیلئے پاکستان مسلم لیگ کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی کوششیں رنگ لے آئیں جنہوں نے نہایت محنت، لگن اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور نومنتخب سینیٹر صادق سنجرانی کے ہمراہ میرے علاوہ دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین آصف زرداری، عمران خان، بلاول بھٹو زرداری اور سراج الحق سے بھی ملاقاتیں کی تھیں اور دونوں بڑی اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی نے انہیں متفقہ امیدوار چن لیا تھا۔

چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی جیت سے ثابت ہو گیا کہ اتحاد میں برکت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ اس سے سبق سیکھیں اور آئندہ بھی قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیں، باہمی مشورہ سے اہم معاملات پر متفقہ مؤقف اختیار کرنے کو اہمیت دیں۔ چودھری شجاعت حسین نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین ہر معاملہ میں ہمیشہ قومی مفاد کو ترجیح دیں گے اور نہایت غیرجانبداری سے آئین و قانون کی سربلندی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔طارق ورک

متعلقہ عنوان :