امریکا اور یورپ پاکستان کے آئین سے اسلامی دفعات ، ختم نبوت ﷺ کے قوانین کو نکالنے کے لئے حکمرانوں پر مسلسل دبائو ڈالتے رہتے ہیں، میاں مقصود احمد

ان شا اللہ ! اسلامیان پاکستان سیکولر اور لبرلز عناصر کے اسلام دشمن ایجنڈے کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کی قوت سے ناکام بنائیں گے،پاکستان کی اسلامی شناخت اور تشخص پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی،امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 12 مارچ 2018 23:20

امریکا اور یورپ پاکستان کے آئین سے اسلامی دفعات ، ختم نبوت ﷺ کے قوانین ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ امریکا اور یورپ پاکستان کے آئین سے اسلامی دفعات اور ختم نبوت ﷺ کے قوانین کو نکالنے کے لئے حکمرانوں پر مسلسل دبائو ڈالتے رہتے ہیں ۔ ان شا اللہ ! اسلامیان پاکستان سیکولر اور لبرلز عناصر کے اسلام دشمن ایجنڈے کو اپنے اتحاد اور یکجہتی کی قوت سے ناکام بنائیں گے۔

پاکستان کی اسلامی شناخت اور تشخص پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی راولپنڈی ڈویژن اور جے آئی یوتھ کے ذمہ داران کے ایک خصوصی مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں 8 اپریل کو لاہور میں ہونے والے پنجاب سطح کے جے آئی یوتھ کنونشن کی تیاریوں اور انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرامیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹر کٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ،ْ امیر ضلع رورل شمس الرحمان سواتی ،ْ امیر ضلع کوہسارسجاد احمد عباسی ،ْ امیر ضلع جہلم عبدالحمید جہلمی ،ْ قائم مقام امیر ضلع اٹک سردار امجد علی ،ْ جنرل سیکرٹری ضلع اسلام آبادقاری امیر عثمان اور صدر جے آئی یوتھ پنجاب بابر خان رسل سمیت دیگر رہنمائو ں نے بھی اظہار خیال کیا۔

میاں مقصود احمد نے کہا کہ جے آئی یوتھ کا آئیڈیا عمومی طور پرپسند کیا گیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ نوجوان بڑی تعداد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق کی قیادت میں جمع ہو رہے ہیں ۔ان شا اللہ ! 8 اپریل کو لاہور میںپاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا یوتھ کنونشن ہوگا۔یوتھ کنونشن نوجوانوں کے لئے اُمید کا ایک ولولہ انگیزپیغام ہو گا۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس مخلص اور دیانتدار کارکنان ہیں۔

ہم لوگوں کی آخرت کو سنوارنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے لڑیں گے۔متحدہ مجلس عمل میں شامل پارٹیوں کے امیدوار دوسری جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کر سکیں گے۔میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ پاکستان پر بیرونی ایجنڈا مسلط کیا جا رہا ہے۔ دیدہ دلیری سے سیکولرازم کا پرچار کیا جا رہا ہے۔ہمارے حکمران یورپ اور امریکا کے سامنے کھڑے نہیں ہو سکتے۔

دینی قوتیں اس عالمی سازش کو ناکام بنائیں گی۔ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈ ی سید عارف شیرازی نے کہا کہ گزشتہ دنوں جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے عہدیداروںکے حلف کی تقریب اور یوتھ کنونشن 16 مارچ کو آرٹس کونسل راولپنڈی میں منعقد ہوگا ۔ جس میں امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصود احمد اور مرکزی صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل مہمانان خصوصی ہوں گے۔