رحمن ملک سیکریٹری سینیٹ سے بیلٹ پیپر لے کر پولنگ بوتھ میں جانے کی بجائے لابی کی طرف چلے گئے

ْ شیری رحمان اپنا بیلٹ پیپر سیکریٹری سینیٹ سے حاصل کئے بغیر ہی پولنگ بوتھ کی طرف چلی گئیں

پیر 12 مارچ 2018 23:11

رحمن ملک سیکریٹری سینیٹ سے بیلٹ پیپر لے کر پولنگ بوتھ میں جانے کی بجائے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2018ء) چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے اجلاس کے دور ان اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب سینیٹر عبدالرحمان ملک سیکرٹری سینیٹ سے بیلٹ پیپر لے کر پولنگ بوتھ میں جانے کی بجائے لابی کی طرف چلے گئے۔ پیر کو اجلاس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک سیکریٹری سینیٹ سے ووٹ لینے کے بعد پولنگ بوتھ کی طرف جانے کی بجائے لابی کی طرف چلے گئے۔

ابھی لابی کا دروازہ کھول کر وہ لابی میں داخل ہو ہی رہے تھے کہ سیکریٹری سینیٹ اور ارکان نے آواز دے کر انہیں بلایا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اسلام الدین شیخ سینیٹر اے رحمان ملک کو لابی کی طرف جاتا دیکھ کر ان کی طرف لپکے اور انہیں بازو سے پکڑ کر لابی کے دروازے سے واپس لے آئے۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے اس دوران آواز دی کہ لابی میں جانے کی وجہ سے یہ ووٹ کینسل کر دیا جائے۔

سینیٹر اے رحمان ملک کی بوکھلاہٹ پر ایوان میں موجود ارکان مسکرائے بغیر نہ رہ سکے۔اجلاس کے دور ان سینیٹر شیری رحمان کا نام پکارا گیا تو وہ سیکریٹری سینیٹ سے اپنا بیلٹ پیپر لئے بغیر تیزی سے پولنگ بوتھ کی طرف چلی گئیں۔ اسی دوران ایوان میں قہقہے بلند ہوئے اور سیکریٹری سینیٹ نے سینیٹر شیری رحمان کو آواز دی تو وہ دوڑتی اور مسکراتی ہوئی سیکرٹری سینیٹ کے پاس آئیں اور ان سے اپنا بیلٹ پیپر لینے کے بعد پولنگ بوتھ میں چلی گئیں۔

متعلقہ عنوان :