عام آدمی کے حقوق کی بحالی کیلئے ملکی سطح پر نظام کی تبدیلی نا گزیر ہے، وزیراعلیٰ پرویزخٹک

پیر 12 مارچ 2018 23:07

عام آدمی کے حقوق کی بحالی کیلئے ملکی سطح پر نظام کی تبدیلی نا گزیر ..
نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2018ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عام آدمی کے حقوق کی بحالی کیلئے ملکی سطح پر نظام کی تبدیلی نا گزیر ہے اس سلسلے میں نوجوانوں کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ عوام گلی اور نالی کی تعمیر پر زندہ باد کے نعرے لگانے کی بجائے اپنے بنیادی مسائل اور حقوق کیلئے کھڑے ہوں اور اسی مقصد کیلئے ووٹ کا استعمال کریں ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو عوامی مسائل کا ادراک اور ان کے حل کا جذبہ رکھتی ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کینٹ میں جلسے اور پی ٹی آئی کے رہنما گلریز حکیم خان کی وساطت سے یونین کونسل بارہ بانڈہ اور ویلچ کونسل کوتر پان سے سابقہ ممبر اختر منیر ، ممبر سید غلام ، جہانزیب ، افسر خان، محمود زمان، انور خان، غلام علی شاہ، سجاد خان، حضرت نبی، شوکت خان، محبوب خان اور دیگر کے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلان کے موقع پرشمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ روایتی سیاسی جماعتیں مختلف نعروں کے ساتھ حکومتیں بناتی رہیں مگر عملدرآمد میں مکمل طور پر ناکام رہیں واحد تحریک انصاف ہے جس نے تبدیلی کے نام پر ووٹ لیا اور اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ٹھوس اقدامات بھی کئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں ، ہر چیز موجود ہے ، اعلیٰ ترین دماغ رکھتے ہیں کمی صرف ایماندار قیادت کی ہے انہوں نے کہا کہ ایماندار اور مخلص لیڈر اس ملک کی ضرورت ہے جو ملک میں ایک شفاف اور قابل عمل نظام قائم کرنے کی صلاحیت اور عزم رکھتا ہو یہی واحد راستہ ہے جو پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتا ہے۔