کل ایوان بالا انتخاب میں غیر جمہوری عناصر بے نقاب ہوگئے ، مریم اورنگزیب

تبدیلی کانعرہ لگانیوالوں کا بھیانک چہرہ سامنے آگیا، آصف زرداری نے ثابت کیا انھیں خریدنا آتاہے لیکن نوازشریف اصول پر کھڑے ہیں اور ملک اصول سے ہی آگے بڑھے گا،طلال چوہدری لگتاہے صادق سنجرانی کاانتخاب نہیں ہوا بلکہ ان کی بھرتی ہوئی ہے، غیر جمہوری رویوں سے کسی رہنما کو سیاست سے الگ نہیں رکھا جاسکتا، میڈیا سے گفتگو

پیر 12 مارچ 2018 22:56

کل ایوان بالا انتخاب میں غیر جمہوری عناصر بے نقاب ہوگئے ، مریم اورنگزیب
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2018ء) وزیرمملکت مریم اورنگ زیب نے سینیٹ میں چیئرمین کے انتخاب میں شکست کے بعد اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کل ایوان بالا میں جس طرح انتخاب ہوا ہے اس سے غیرجمہوری عناصر قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔اسلام آباد میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمرا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگ زیب نے کہا کہ کل تک ایک دوسریکوجعلی خان اور چورکہتے تھے وہ آج گلے مل رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کانعرہ لگانیوالوں کا بھیانک چہرہ سامنے آگیا۔وزیرمملکت نے کہا کہ جیت ہمیشہ اصولوں پر چلنے والوں کی ہوتی ہے اور آج شدید مشکلات کے باوجود بھی نوازشریف اصولوں پر ڈٹ کرکھڑا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ غیر جمہوری رویوں سے کسی رہنما کو سیاست سے الگ نہیں رکھا جاسکتا اور عوام اصولی رہنما اور ان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

مریم اورنگ زیب نے پی پی پی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی پی پی کو جو بھرم تھا کہ بھٹو شہید زندہ ہے لیکن آج انھوں نے اپنی حمکت عملی سے بھٹو کو شہید کردیا ہے۔وزیر مملکت طلال چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ آصف زرداری نے ثابت کیا کہ انھیں خریدنا آتاہے لیکن نوازشریف اصول پر کھڑے ہیں اور ملک اصول سے ہی آگے بڑھے گا۔انھوں نے کہا کہ زرداری نے پیپلزپارٹی کی جمہوری واصولی سیاست کابیڑہ غرق کردیا۔طلال چوہدری نے کہا کہ ہمیں اصول چاہیے جیت نہیں اور 2018کے انتخابات کسی ڈرائنگ روم میں نہیں ہوں گے بلکہ عوام فیصلہ کریں گے جہاں ہم جیت جائیں گے۔نومنتخب چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لگتاہے صادق سنجرانی کاانتخاب نہیں ہوا بلکہ ان کی بھرتی ہوئی ہے۔