مسلم لیگ(ن) کاہر دورحکومت عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت ہے ،میگاپراجیکٹس سے عوام مستفید ہورہے ہیں :شہبازشریف

برسوں سے اندھیروں میں ڈوبے پاکستان کو روشن بنانے کا تاریخی کارنامہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے سرانجام دیا ہے اندھیروں کو پاکستان کا مقدر نہیں بننے دیابلکہ توانائی کے منصوبے مکمل کرکے اندھیروں کو شکست دی ہے تعلیم،صحت، زراعت،انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں آج کا پاکستان اس پاکستان سے کہیں بہتر ہے جو مسلم لیگ(ن) کو 2013ء میں ورثے میں ملا تھا،مخالفین کی رکاوٹوں کی پرواہ کیے بغیر ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے، دھرنوںاورلاک ڈاؤنوں سے ضائع ہونیوالے وقت کی محنت سے تلافی کی پاکستان کے باشعورعوام ترقی مخالفین کے گٹھ جوڑ کواپنے ووٹ کی طاقت سے دفن کردیں گے، مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ترقی اورخوشحالی کے سفر کو مزید تیزرفتاری سے آگے بڑھائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب کی وزیرمملکت انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ارشدلغاری سے گفتگو

پیر 12 مارچ 2018 22:43

مسلم لیگ(ن) کاہر دورحکومت عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت ہے ،میگاپراجیکٹس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کاہر دورحکومت عوام کی بے لوث خدمت سے عبارت ہے ۔ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے کا سہراہ مسلم لیگ(ن) کے سر ہے۔انہوںنے کہا کہ برسوں سے اندھیروں میں ڈوبے پاکستان کو روشن بنانے کا تاریخی کارنامہ بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے سرانجام دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت کے مکمل کردہ میگاپراجیکٹس سے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔انہوںنے کہا کہ تعلیم،صحت، زراعت، انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں ۔توانائی بحران کا خاتمہ کیاگیا ہے جس سے ملک میں صنعتکاری کے عمل کو فروغ ملاہے۔

(جاری ہے)

صنعتکاری اورسرمایہ کاری کے فروغ سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کیے گئے ہیں۔

ہمارا ہر قدم ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے۔ اندھیروں کو پاکستان کا مقدر نہیں بننے دیابلکہ توانائی کے منصوبے مکمل کرکے اندھیروں کو شکست دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن، مستحکم اور روشن پاکستان کی منزل کے حصول کیلئے دن رات ایک کررکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے امانت، دیانت اور محنت سے کام کرنا ہوگااورمعاشرے کے ہرطبقے کو ملک کی ترقی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرناہے۔

زندہ قومیں مشکلات سے نہیں گھبراتیں بلکہ جوانمردی سے ان کا مقابلہ کرتی ہیں۔ہم سب کو باہمی اختلافات بھلا کر ترقی کے سفر میں شامل ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان اس پاکستان سے کہیں بہتر ہے جو مسلم لیگ(ن) کو 2013ء میں ورثے میں ملا تھا۔مخالفین کی رکاوٹوں کی پرواہ کیے بغیر ترقی کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے دھرنوںاورلاک ڈاؤنوں سے ضائع ہونیوالے وقت کی محنت سے تلافی کی ہے۔

دھرنا گروپ نے عوام کی مشکلات اورمسائل بڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ زرداری اور عمران نیازی کا گٹھ جوڑاس بات کا ثبوت ہے کہ انہیںعوام کی ترقی اورمسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔پاکستان کے باشعورعوام ترقی مخالفین کے اس گٹھ جوڑ کواپنے ووٹ کی طاقت سے دفن کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ترقی اورخوشحالی کے سفر کو مزید تیزرفتاری سے آگے بڑھائے گی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت انڈسٹریز اینڈ پروڈکشن ارشدلغاری سے گفتگوکرتے ہوئے کی،جنہوںنے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔