شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی، سکیورٹی، ٹریفک جائزہ کے لئے وزیرِ داخلہ سندھ کی زیر صدارت اجلاس

پیر 12 مارچ 2018 21:03

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی، سکیورٹی، ٹریفک جائزہ کے لئے وزیرِ داخلہ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2018ء) وزیر ِداخلہ سندھ سہیل انور خان سیال کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں 4 اپریل کو گڑھی خدابخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور اس ضمن مزید ہدایات دی گئیں۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں کمشنر لاڑکانہ، ڈی آئی جی لاڑکانہ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز سندھ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور ایس ایس پی لاڑکانہ نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر لاڑکانہ نے گڑھی خدا بخش کے روٹس اور شہداء کے مزارات پر صفائی ستھرائی سمیت دیگر ضروری اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ ڈی آئی جی لاڑکانہ نے سکیورٹی کے حوالے سے جملہ اقدامات کی تفصیلات کا احاطہ کیا اور ترجیحات پر بریفنگ دی۔ وزیر ِداخلہ سندھ نے کہا کہ برسی میں دیگر صوبوں اور سندھ سے عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کو سامنے رکھتے ہوئے پولیس رینج، زونز، ڈسٹرکٹس کے لحاظ سے جامع سکیورٹی و ٹریفک پلانز ترتیب دیئے جائیں تاکہ سندھ کے بارڈر ایریاز پر قائم چیک پوسٹس، داخلی و خارجی روٹس پر نگرانی کے ساتھ ساتھ گڑھی خدا بخش کو جانے والے مرکزی راستوں پر پٹرولنگ، اسنیپ چیکنگ اور ٹریفک کی روانی کے جملہ اقدامات کو غیر معمولی بنایا جا سکے۔