ونڈر ویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کا قیام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،سید ناصر حسین شاہ

خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں یکساں مواقع اور مساوی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیر اطلاعات سندھ

پیر 12 مارچ 2018 18:09

ونڈر ویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کا قیام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2018ء) پاکستانی خواتین کو ترقی یافتہ ممالک کی خواتین کے شانہ بشانہ کھڑا کرنے اور اقوام عالم میں ان کے مثبت کردار اور کار ہائے نمایاں کو اجاگر کرنے کے لئے ونڈر ویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کا قیام ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ تعلیم یافتہ ، ہنر مند،باصلاحیت اور ایسی با ہمت خواتین جو خود کو تعمیری اور فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل رکھنا چاہتی ہیں ان کے لئے ونڈرویمن ایسوسی ایشن کا قیام خواتین کے عالمی دن کے موقع پر رکھے جانا ایک خوش آئند علامت ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شا ہ نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ونڈرویمن ایسوسی ایشن آف پاکستان کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری حکومت محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ویژن پر عمل پیرا ہے اور خواتین کو برابری کی بنیاد پر ہر شعبہ زندگی میں یکساں مواقع اور مساوی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

جس کے لئے ہماری حکومت نے موجودہ اور گزشتہ ادوارمیں اہم قوانین بھی متعارف کروائے ہیں ۔انہوں نے ونڈرویمن ایسوسی ایشن کے قیام پر ادارے کے عہدیداران اور اراکین گورننگ باڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومت سندھ کی جانب سے بھر پو حمایت ر اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ ایسوسی ایشن کے بانی شیخ راشد عالم نے کہا کہ ہم نے ونڈرویمن پروجیکٹ کی بنیاد 2011؁ میں رکھی تھی اور گذشتہ 7سالوں کی جہدمسلسل کے بعد ہم اس مقام پر پہنچے ہیں کہ اس منفرد اور غیر معمولی اہمیت کے حامل پروجیکٹ کو بین الاقوامی طور پر متعارف کروانے اور پاکستانی خواتین کو اس کے ثمرات سے مستفید کرنے کے لئے اس منصوبے کو مکمل قانونی طور ایک باقاعدہ ادارے کی حیثیت میں تشکیل دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا اس ادارے کا بنیادی مقصد پاکستانی خواتین کی پیشہ ورانہ مہارت کو بین الااقوامی معیار اور اصولوں تناظر میں ڈھالنے کے لئے انہیں دنیا کی بہترین نالج کوچنگ، کیریئر کونسلنگ اور لیڈر شپ ٹریننگ فراہم کرناہے تا کہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی انفرادی شناخت اور مستقل جگہ حاصل کر سکیں ۔شیخ راشد عالم نے مزید کہا کہ ونڈرویمن ایسوسی ایشن کی رکنیت خواتین کے لئے باعث فخر اور ایک مستند حوالہ ثابت ہوگی اور سرکاری و غیر سرکاری سطح پر اس کے اراکین کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر انہوں نے ایسوسی ایشن کے اراکین کے لئے خصوصی ونڈر ویمن پری ولیج کارڈ کے اجراء اور نیشنل ڈائریکٹری آف ونڈر ویمن کو شائع کرنے کا اعلان بھی کیا۔دریں اثناء تقریب سے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن زورید رضا نے کہا کہ یہ ادارہ ایک آزاد اورقانونی حیثیت میں با اختیار قومی سطح کا پلیٹ فارم ہے۔یہ ادارہ ہر سطح پر خواتین کی آواز کو اجاگر کرنا، ہر شعبہ زندگی میں خواتین کے مساوی حقوق کو یقینی بنانا اور ہر قسم کے سماجی و معاشرتی مسائل پر خواتین کی مضبوط وکالت کے لئے قائم کیا گیا ہے اس پلیٹ فارم پر ہر خاص و عام خواتین وبچیاں اور طالبات کو شمولیت کی دعوت دیتے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور اس ادارے کی باگ دوڑ میں اپنا عملی کردار ادا کریں تاکہ ہم پاکستانی عورتوں کو مقامی،قومی اور بین الااقوامی سطح پر عزت و احترام کے ساتھ ان کا جائز مقام دلواسکیں۔

دریں اثناء انہوں نے ونڈرویمن ایسوسی ایشن کی پہلی اراکین گورننگ باڈی کے ناموںکا اعلان کیا۔جنہیں مہمان خصوصی نے اپنے دست مبارک سے ایسوسی ایشن کی دستاویز پیش کی۔جبکہ اراکین گورننگ باڈی میں شگفتہ راشد،کیپٹن ترانہ سلیم،زینب انصاری،عنیزہ انعام حسین،صبا رخسانہ میر،کائنات منیر، ہما بخاری،عالیہ جمال،صبا منگی اور ارم طارق کے نام شامل ہیں ۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی وزیراطلاعات سندھ نے تمام مہمانوں کے ہمراہ عالمی یوم خواتین کے دن کے موقع پر کیک بھی کاٹا اور انہیں اس دن کی مبارکباد پیش کی۔