بلوچستان پینل کے صادق سنجرانی نئے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 12 مارچ 2018 17:58

بلوچستان پینل کے صادق سنجرانی نئے چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 مارچ 2018ء) : چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات 2018ء میں کانٹے دارمقابلہ ہوا، چیئرمین سینیٹ کیلئے بلوچستان پینل کے امیدوارصادق سنجرانی جیت گئے ہیں، صادق سنجرانی نے 57 ووٹ حاصل کیے،جبکہ مد مقابل حکمران جماعت کے امیدوارراجاظفرالحق نے 46 ووٹ حاصل کیے ہیں۔غیرسرکاری نتائج کے مطابق چیئرمین سینیٹ کیلئے بلوچستان پینل کے امیدوارصادق سنجرانی جیت گئے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے کے بعد صادق سنجرانی نے اپنے عہدے کاحلق بھی اٹھا لیا ہے۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کاانتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے خفیہ رائے شماری میں 103سینیٹرز نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

جبکہ ایک سینیٹراسحاق ڈار صحت خرابی کے باعث بیرون ملک زیرعلاج ہیں اس لیے انہوں نے ووٹ نہیں دیا۔

دوسری جانب سینیٹ الیکشن کے رولز کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے کم ازکم 53ووٹ کاحصول ضروری نہیں۔انتخابات کے موقع پرسینیٹ اجلاس کی صدارت اور پریزائیڈنگ آفیسرکے فرائض سردار یعقوب نے ادا کیے۔پولنگ کے دوران موبائل فون لے جانے اور تصویربنانے پرپابندی عائد تھی۔سینیٹ الیکشن میں پہلا ووٹ مسلم لیگ ن کے سینیٹرحافظ عبدالکریم نے کاسٹ کیا۔

واضح رہے سینیٹ کی اکثریتی حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے چیئرمین سینیٹ کیلئے اپنا امیدوار راجا ظفرالحق اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے عثمان کاکڑ کوکھڑا کیا۔جبکہ ان کے مدمقابل بلوچستان کے آزاد امیدواروں کاپینل جن میں چیئرمین سینیٹ کے امیدوار صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین کیلئے سلیم مانڈوی والا شامل تھے ۔حکمران جماعت کومولانا فضل الرحمن، محمود اچکزئی ،حاصل بزنجو اور جماعت اسلامی سمیت دیگر کی حمایت حاصل تھی جبکہ بلوچستان کے پینل کوپیپلزپارٹی اور تحریک انصاف ،فاٹا ارکان ودیگر سینیٹرزکی حمایت حاصل تھی۔