صحرائے تھر میں انسانی غذائی قلت اورچارہ وپانی ناپیدہوجانے کی وجہ سے مویشیوں کی اموات میں اضافہ

ممکنہ قحط سالی سے بچنے کے لئے صحرائی باشندوں نے بیراجی علاقوں کا رخ کرلیا

پیر 12 مارچ 2018 16:30

کنُری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مارچ2018ء) صحرائے تھر میں انسانی غذائی قلت اورچارہ وپانی ناپیدہوجانے کی وجہ سے مویشیوں کی اموات میں اضافہ، ممکنہ قحط سالی سے بچنے کے لئے صحرائی باشندوں نے بیراجی علاقوں کا رخ کرلیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صحرائے تھر کا گیٹ وے کہلوا نے والے ضلع عمرکوٹ کی صحرائی علاقوں کی متعدد یونین کونسلوں اور گائوں مہندرجوپار ،کھوکراپار،کپلور،لالاباہ ودیگر میں انسانی غذائی قلت اور مویشیوں کے لئے چارہ وپانی ناپید ہوجانے کے باعث بھیڑ،بکریوں کی اموات میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہاہے، جسکی وجہ سے اور ممکنہ قحط سالی سے بچنے کے لئے صحرائی باشندوں کی بڑی تعداد نے اپنے مال مویشیوں جن میں بھیڑ،بکریاں ،گائیں اور اونٹوں کے ہمراہ نقل مکانی کے سلسلے کا آغاز کرتے ہوئے اندرون سندھ مختلف بیراجی علاقوں کا رخ کرلیا ہے ، جسکی وجہ سے صحرائے تھرکے لاتعداد گائوں تیزی کیساتھ ویران ہورہے ہیں، نقل مکانی کرنے والے قبیلوںکے پیدل قافلوں کے دوران سفر بھی بڑی تعداد میں مویشی ہلاک ہورہے ہیں ،جبکہ تھری باشندوں کی جانب سے دوران سفرکمزور وبیمار پڑجانیوالے قیمتی مویشیوں کی اونے پونے نرخوں پر فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے، جسکی وجہ سے صحرائی باشندوں کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان کا سامنا ہے، جسکے باعث وہ سخت پریشانی میں مبتلاہوچکے ہیں ، نقل مکانی کرنے والے تھری باشندوں نے بتایاکہ چارے و پانی کی قلت کیوجہ سے گزشتہ ہفتے انکی پانچ سوسے زائد بھیڑ ،بکریاں ہلاک ہوچکی ہیں، جبکہ کمزور اور بیمار پڑ جانیوالی لاتعداد بھیڑ ،بکریوں کو وہ اونے پونے نرخوں پر فروخت بھی کرچکے ہیں، جبکہ فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جسکی وجہ سے انکو سخت مالی نقصان اُٹھانا پڑ رہا ہے، انہوں نے کہاکہ بچ جانیوالے مال مویشیوں کو اندرون سندھ مختلف بیراجی علاقوں میں منتقل کررہے ہیں ،اور بارشوں کے آغاز پر وہ صحرائے تھر کی جانب واپسی کے سفر کاآغاز کرینگے، انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قحط سالی کی صورتحال سے بچنے کے لئے مستقل بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جائیں تو انکو نقل مکانی جیسی اذیت ناک صورتحال سے بچایاجاسکتاہے، انہوں نے کہا کہ اپنا گائوں اور مٹی چھوڑنے کو دل نہیں کرتا مگروہ قدرت اور مقدر میں لکھے کے سامنے بے بس ہیں ،دورے جدید میں دُنیا چاند پر پہنچ چکی ہے اور وہاں رہائش اختیار کرنے کے خواب دیکھ رہی ہے ،مگرصحرائے تھر اورتھر کے مکینوں کی حالت میں بہتری نہیں آئی ہے ،انہوں نے سندھ حکومت سے قحط سالی سے بچنے کے لئے مستقل بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

#

متعلقہ عنوان :