مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہی: اقوام متحدہ

پیر 12 مارچ 2018 16:30

مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہی: اقوام متحدہ
جنیوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2018ء) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین نے جنیوا میں انسانی حقوق کی اہم تنظیموں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیدار نے یہ بات اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی37ویںاجلاس کے موقع پر دنیا بھر سے انسانی حقوق کی تنظیموں کی500سے زائد نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

کشمیری نمائندے سید فیض نقشبندی نے اس اہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جعلی مقابلوں، کالے قوانین کے نفاذ، پیلٹ گن کے بے دریغ استعمال اور حریت رہنمائوں کی نقل وحرکت پر پابندی جیسے مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کشمیر کی صورتحال پر نظررکھنے کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ زید رعد الحسین نے اقوام متحدہ کی خاموشی توڑتے ہوئے پہلی مرتبہ ستمبر 2016میں کشمیر کو شام اور میانمار جیسے انسانی بحران والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا ۔رواں ماہ ایک اہم پیش رفت کے طور پر انہوںنے جون 2018ء میںکشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی طرف سے رپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا۔