جمہوریت اور سیاست میں اختلاف رائے سب کا حق ہے ، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی ہمارے معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں، راحیلہ حمید خان درانی

اتوار 11 مارچ 2018 22:00

کوئٹہ۔11مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2018ء) اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اپنے ایک مذمتی بیان میں اسپیکر نے عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رحجان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات سے دنیا میں کیا پیغام جائے گا، یہ رحجان ملک کو تباہی کی جانب لے جائیگا، ایسے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور سیاست میں اختلاف رائے سب کا حق ہے تاہم اس نوعیت کے انتہائی شرمناک واقعہ کی ہمارے معاشرے میں کوئی گنجائش نہیں ۔سیاست میں شائستگی کا عنصر ہر حال میں قائم رہنا چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایسے واقعات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، اسپیکر نے کہا کہ ایسے واقعات کی بروقت روک تھام کو یقینی نہ بنایا گیا تو مستقبل میں اختلاف رائے پر کوئی بھی سیاستدان اس طرح کے واقعات کا نشانہ بن سکتا ہے، اسپیکر نے کہا کہ ایسے واقعات سے بچنے کے لیے رویے بدلنے کی اشد ضرورت ہے اور ناشائستہ واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔