ڈپٹی کمشنر دیر بالا نے ہاتن درہ سکول کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کا نوٹس لے لیا

اتوار 11 مارچ 2018 20:40

چکدرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2018ء)ڈپٹی کمشنر دیر بالا عثمان محسود نے گذشتہ روز ہاتن درہ جامع مسجد میں ایک کھلی کچہری لگائی جس میں لوگوں نے تعلیم ، صحت ،بجلی اور پینے کے پانی کی سہولیات کی قلت کے بارے میں شکایات پیش کیں ۔ اس موقع پر قومی تعمیر نو کے محکموں کے ضلعی سربراہوں ، بلدیاتی اداروں کے ناظمین ، نائب ناظمین سمیت عمائدین علاقہ اور لوگوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

ڈپٹی کمشنر نے تقریر کرتے ہوئے کہاکہ کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام اور حکام کے درمیان قریبی رابطہ کو فروغ دینا ہے تاکہ عوام بلاجھجک اپنے مسائل اور شکایات سے متعلقہ حکام کو براہ راست آگاہ کر سکیں اور اس کے حل کے لئے مقامی سطح پر اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔

(جاری ہے)

عثمان محسود نے اس موقع پر بعض شکایات پر موقع ہی پر ضروری احکامات جاری کئے اور بعض درخواستوں کو ضروری کاروائی کے لئے متعلقہ حکام کے حوالے کیااور انہیں ہدایت کی کہ فی الفور ان کے ازالے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے قبل ازیں ہاتن درہ سکول کی تعمیر میں ناقص مٹیریل کے استعمال سے متعلق شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے فوری طور پر تعمیراتی کام بند کردیا اور متعلقہ ٹھیکیدار کو کھلی کچہری میں طلب کیا تھا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی کاموں کی خود نگرانی کریں اور شکایات کی صورت میں فوری طور پر انہیں اگاہ کریں۔