مصرکی زیرنگرانی اسرائیل اور سعودی عرب میں براہ راست خفیہ مذاکرات

قاہرہ کے فائیو اسٹار ہوٹل میں سعودی اور اسرائیلی حکام کی بات چیت ہوئی،فلسطینی اتھارٹی کے ذمہ دارذرائع کی گفتگو

اتوار 11 مارچ 2018 12:40

مصرکی زیرنگرانی اسرائیل اور سعودی عرب میں براہ راست خفیہ مذاکرات
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2018ء) فلسطینی اتھارٹی کے ایک ذمہ دار اہلکار نے بتایا ہے کہ مصر کی زیر نگرانی اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان خفیہ مذاکرات جاری ہیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب کے اعلیٰ حکام نے براہ راست مذاکرات کیے ہیں۔ ان مذاکرات کا مقصد دو طرفہ تعلقات کے قیام کی راہ ہموار کرنا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی عہدیدار نے بتایا کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں قاہرہ کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں مصری حکام کی موجودگی میں سعودی اور اسرائیلی حکام کی بات چیت ہوئی۔

فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ قاہرہ میں مصر، اسرائیل اور سعودی عرب کے عہدیداروں کے درمیان ہونے والے سہ فریقی اجلاس کا ایجنڈا دو نکات پر مشتمل تھا۔

(جاری ہے)

ایجنڈے کا پہلا حصہ سیاسی امور کے حوالے سے تھا جس میں امریکا کے مجوزہ امن منصوبے’صدی کی ڈیل‘ پر بات چیت کی گئی۔ اس منصوبے کے خطے کی سیاست پر مرتب ہونے والے اثرات اور قضیہ فلسطین کے حوالے سے خطرناک ہونے کے باوجود اس پر عمل درآمد کے پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

ایجنڈے میں شامل دوسرا نکتہ تینوں ممالک کے اقتصادی مفادات کے گرد تھا۔ اس میں بحر الاحمر کے علاقے میں مستقبل میں اسرائیل اور سعودی عرب کے اشتراک سے شروع کیے جانے والے مجوزہ منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ذرائع نے مزید کہا کہ الریاض نے اسرائیل کے ساتھ اقتصادی شعبے اور سیاسی تعلقات کے ایک نئے باب کا آغاز کردیا ہے۔ ماضی کی طویل عرصے سے جاری تلخیوں کو فراموش کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے اور سعودی عرب اب خطے میں اسرائیلی کو دشمن ملک تصور نہیں کرتا۔