آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ، افغانستان نے پہلی فتح کے ساتھ سپر سکس میں پہنچنے کی امید زندہ کر لی،

ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کی فتوحات کی ہیٹرکس مکمل

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:36

آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ، افغانستان نے پہلی فتح کے ساتھ ..
ہرارے۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں افغانستان نے نیپال کو ہرا کر سپر سکس مرحلے میں پہنچنے کی امید زندہ کر لی، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے نے اپنے اپنے میچز جیت کر فتوحات کی ہیٹرکس مکمل کر لیں۔

(جاری ہے)

زمبابوے میں جاری ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ہفتہ کو کھیلے گئے ایک میچ میں افغانستان نے نیپال کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر متواتر تین ناکامیوں کے بعد پہلی کامیابی حاصل کی، نیپال کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.5 اوورز میں 194 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کپتان پراس خدکا 75 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نبی نے 4، راشد خان نے 3 شاہ پور زدران نے 2 اور مجیب زدران نے ایک وکٹ لی، جواب میں افغانستان نے مطلوبہ ہدف 38.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، نجیب اللہ زدران 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، رحمت شاہ 46 رنز بنا کر دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے، اس فتح کے ساتھ ہی افغانستان کی سپر سکس میں پہنچنے کی امید بھی زندہ ہو گئی، اگر نیپال کل پیر کو شیڈول اپنے آخری میچ میں ہانگ کانگ کو ہرا دیتا ہے تو اس صورت میں افغانستانی ٹیم سپر سکس میں پہنچ جائے گی، ایک اور میچ میں زمبابوے نے ہانگ کانگ کو 89 رنز سے ہرا دیا، زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 263 رنز بنائے، مسکڈزا 84 رنز کی اننگز کھیل کر ٹاپ سکورر رہے، احسن نواز نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 46.5 اوورز میں 174 رنز پر ڈھیر ہو گئی، انشومن راتھ کی 85 رنز کی اننگز بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، سکندر رضا نے 3 وکٹیں لیں، ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کو 52 رنز سے شکست دی، کالی آندھی نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 257 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، روومان پاویل 101 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، کپتان جیسن ہولڈر 54 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کرس گیل کا بلا نہ چلا اور صرف 14 رنز بنا سکے، ٹم مورتگ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جواب میں آئرش ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 47ویں اوور میں 205 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ایڈجائس کی 63 رنز کی اننگز بھی ناکافی ثابت ہوئی، کیمر روچ اور ولیمز نے 4، 4 وکٹیں لیں، ہالینڈ نے پاپوا نیو گنی کو 57 رنز سے شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :