کوئٹہ، عورت پر جبراور استحصال کی اصل وجہ طبقاتی سماج ہے، مقررین کا خطاب
تازہ ترین : 1

کوئٹہ، عورت پر جبراور استحصال کی اصل وجہ طبقاتی سماج ہے، مقررین کا خطاب

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مارچ2018ء) پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کے زیر اہتما م کوئٹہ میں محنت کش خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے خورشید لیبر ہال کوئٹہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں پیرامیڈیکل سٹاف نرسنگ فیڈریشن کالجز یونیورسٹی اور دیگرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور سیاسی کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

تقریب کے میزبانی شکیلہ بلوچ کررہی تھیں تقریب کے آغاز میں کامریڈ ظفر نے ایک انقلابی نظم سنائی اس کے بعد علی رضا منگول ،ثانیہ،پشتانہ،نرگس ،روبینہ شاہ،آصف سمالانی ،حسن جان اور کامریڈ نذر مینگل نے خطاب کئے جبکہ اس دوران کامریڈ ظفر،شائستہ،حفصہ،آفتاب اور لعل جان عاجزنے انقلابی نظمیں بھی پیش کیںمقررین نے محنت کش کے عالمی دن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بالشویک انقلاب 1917 ء کا آغاز 8مارچ 1917 ء کو روس میں محنت کش خواتین کی ہڑتال سے ہوا تھا اس دن کا تعلق محنت کش خواتین کے دہرے تہرے استحصال کے خلاف جدوجہد سے ہے ۔

مقررین نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظا م میں جس طرح محنت کش خواتین استحصال اور غلامی کا شکار ہیں اس طرح محنت کش مرد بھی اسی استحصال اور غلامی کا شکار ہیں دونوں کا تعلق ایک ہی طبقے سے ہے اس لئے ان کی لڑائی مشترکہ طور پرسرمایہ دار طبقے اورسرمایہ دارانہ نظا م کے خلاف بنتی ہے۔ لبرل فیمنسٹ جس طرح عورت کے استحصال کومرد کی ذ ہنیت کے ساتھ منسلک کرتے ہیں وہ محنت کشوں کی طبقاتی جڑت کو توڑتے ہیں اس لئے ہماری لڑائی جنسی نہیں بلکہ طبقاتی ہے۔

مقررین نے کہا کہ انسانی سماج اپنی ارتقا کے دوران مختلف سماجی نظاموں سے گزرا ہے قدیم کمیونسٹ سماج ایک غیر طبقاتی سماج تھا جہاں ذاتی ملکیت کا تصور اور جنسی نا برابری ناپید تھا ۔ذرائع پیدوار کی ترقی کے ساتھ جب انسانی سماج طبقات میں تقسیم ہوا تو ذاتی ملکیت کا تصور ابھرا وہیں سے جنسی نابرابری اور عورت کو ذاتی ملکیت اور جنس سمجھنے کا تصور ابھرا یعنی عورت پر جبراور استحصال کی اصل وجہ طبقاتی سماج جب تک یہ طبقاتی نظام ختم نہیں ہوتا تب تک عورت کی آزادی ناممکن ہے اس لئے محنت کش خواتین کو اپنی جدوجہد طبقاتی بنیادوںپر منظم کرتے ہوئے اس سرمایہ دارانہ طبقاتی نظا م کے خلاف مرتکز کرنی ہوگی اسی وقت ہی عورت حقیقی معنوں میں آزادی حاصل کرے گی۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 10/03/2018 - 22:27:16

اس خبر پر آپ کی رائے‎

متعلقہ عنوان :