ایبٹ آباد پبلک سکول میں پرنسپل تعیناتی،مقامی عدالت نے ڈاکٹر وقار رضوی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا،13مارچ کو طلب

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:27

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) ایبٹ آباد کی مقامی عدالت نے ایبٹ آباد پبلک سکول پرنسپل تعیناتی کیس میں بورڈ آف گورنرز کے فیصلہ کے برعکس صوبائی حکومت کی جانب سے تعینات پرنسپل ڈاکٹر وقار رضوی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئی13مارچ کو عدالت طلب کرلیا ہے۔ایبٹ آباد پبلک سکول کے پرنسپل بریگیڈیئر (ر)جاویدکی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد ایبٹ آباد پبلک سکول کے بورڈ آف گورنرزنے بریگیڈیئر (ر)جاویدکی مدت ملازمت میں توسیع کی تھی۔

صوبائی حکومت کی مداخلت پرایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے بورڈ آف گورنر کے فیصلہ کے برعکس ڈاکٹر وقار رضوی کو ایبٹ آباد پبلک سکول کا پرنسپل تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔پرنسپل بریگیڈیئر (ر)جاویدنے ڈاکٹر وقار رضوی کی تعیناتی کے خلاف اپنی وکیل کرن تنولی ایڈووکیٹ کے توسط سے سول ججVIIکی عدالت میں درخواست دائر کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ڈاکٹر وقار رضوی کی تعیناتی کی نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر)جاویدکوبطورپرنسپل چارج سنبھالنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

دوسری جانب پشاور ہائی کورٹ ایبٹ آباد بینچ نے ایبٹ آباد پبلک سکول پرنسپل کی تعیناتی کے حوالہ سے 8مارچ کو فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ڈاکٹر وقار رضوی کو عدالتی فیصلہ آنے تک کام سے روکتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفسیر(میل )کو سکول کے معاملات دیکھنے کی اجازت دی ہے۔