اراضی ریکارڈ سنٹر ز میں سائلین کو معیاری سروسز کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:26

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید نے کہا ہے کہ اراضی ریکارڈ سنٹر ز میں سائلین کو معیاری سروسز کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں غفلت یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی،انچارج اراضی ریکارڈ سنٹرز سائلین کے مسائل کو موقع پر حل کرنے کیلئے اقدام کریں اورریونیو ریکارڈ کے اجراء اور انتقال کیلئے آنے والے سائلین کو بار بار چکر نہ لگوائیں بلکہ ون ونڈو آپریشن کے تحت ان کو درپیش مسائل موقع پر ہی حل کریں ۔

اس امر کا اظہار انہوں نے ماہانہ ریونیو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اے ڈی سی ریونیو اصغر علی جوئیہ ، اے سی شاہد عباس، اے سی ڈسکہ میاں محمد نذیر، اے سی سمبڑیال توقیر الیاس چیمہ، اے سی پسر ور عمر شیرازی کے علاوہ ریونیوافسران اور انچارج اراضی ریکارڈز سنٹرز نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی ریونیو اصغر علی جوئیہ نے ڈی سی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماہ فروری کے دوران چاروں تحصیلوں میں انتقال کی فیس کی مد میں مجموعی طور پر 2کروڑ44لاکھ 11ہزار588روپے خزانہ میں جمع کروائے گئے جبکہ کل 2ہزار206رجسٹرڈ انتقالات کی تصدیق کی گئی ۔

زرعی انکم ٹیکس کی مد میں اب تک 45لاکھ 20ہزار روپے ریکوری کی گئی ہے اور ایک کروڑ 28لاکھ 50ہزار روپے بقایا رواں مالی سال کے آخر تک وصول کرلئے جائیں گے اور اسی طرح آبیانہ، تاوان ، لوکل ریٹ، اسٹیمپ ڈیوٹی کی مد میں ریکوری کے بارے میں بھی بریفنگ دی ۔