صحت مند بچے، محفوظ مستقبل ،صوبہ بھر میں سرکاری اور نجی سکول کنٹینوں کی چیکنگ

ناقص اشیاء کی موجودگی پر17 سیل، 168کو بھاری جرمانے اور 279 کنٹینزکو وارننگ نوٹس جاری

ہفتہ 10 مارچ 2018 22:26

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میںسکول کینٹینز کی چیکنگ کی،غیر معیاری اشیاء خوردونوش مہیا کر نے پر 17کینٹینیں سیل کر دی گئیں .ناقص صفائی اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر 168 کو جرمانے کیے گئے جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 279 کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔

پنجاب فوڈ اٹھارٹی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز رافعہ حیدر نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے محفوظ خوراک کے حوالے سے والدین اور بچوں کی آگاہی کے لیے مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں سکول کینٹینوں کی چیکنگ کی ،کولا ڈرنکس، تلی ہوئی اشیاء ، چورن کی موجودگی پر لاہور میں 8، راولپنڈی میں 5 اور ملتان 4 کینٹینوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ ناقص صفائی اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر 168کینٹینز کو بھاری جرمانے اور 279 کووارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

اے ڈی جی کا آپریشنز کا مزید کہنا تھا سکول کینٹینوں پر 14 اگست 2017 سے پنجاب فوڈ اتھارٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن فوڈ سٹینڈرڈ ریگولیشن لاگو کیا جا چکا ہے جس کے تحت معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سرکاری اور نجی سکولوں کی کینٹینوں کی چیکنگ کی گئی۔ قانون کے تحت سکول کینٹینوں پر صرف گرین اور ییلو گٹیگری میں اشیاء خوردونوش رکھنے کی اجازت ہے۔ کولا، انرجی ڈرنکس، گٹکا، چھالیہ سمیت سرخ کیٹیگری میں شامل اشیاء خوردونوش کی فروخت مکمل بین ہے۔سکول انتظامیہ کینٹین پر قوانین کے مطابق معیاری اشیاء کی موجودگی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے والدین سے گزارش ہے کہ بچوں کو ترجیحا گھر سے لنچ بکس دے کر بھیجیں۔